ہفتہ، 28-فروری،2026
جمعہ 1447/09/10هـ (27-02-2026م)
تازہ ترین خبریں

پاکستان کیخلاف کابل، دہلی اور تل ابیب کے گٹھ جوڑ پر نثار سید کا فکر انگیز تجزیہ

27 فروری, 2026 13:06

پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی سرحدی کشیدگی اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں سینیئر تجزیہ کار نثار سید نے جی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کے دوران افغانستان میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر پاکستانی فوجی کارروائیوں کی تفصیلات اور اس کے پیچھے چھپے عالمی عوامل پر روشنی ڈالی۔

نثار سید کا کہنا ہے کہ افغانستان میں موجود طالبان حکومت بھارتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے سے روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے پاکستان کے لیے فوجی کارروائی ناگزیر ہو گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ افغان سرزمین کو مسلسل پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے اور وہاں کی انتظامیہ ہندو توا کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت نے بارہا افغان حکام کو دہشت گردوں کی سرپرستی ختم کرنے اور ان کے مراکز کے خلاف آپریشن کرنے کی تاکید کی تھی لیکن کابل میں موجود نظام نے ان گروہوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ان کی خاموش حمایت جاری رکھی، جس کے نتیجے میں پاکستان کو اپنے قیمتی جانوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کی پاکستان اور افغانستان کے درمیان رابطے میں سہولت کاری کی پیش کش

حالیہ صورتحال کی تفصیل بتاتے ہوئے نثار سید نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج نے سینٹرلائزڈ ڈیفنس فورس کی سربراہی میں ایک بڑا اور منظم آپریشن کیا ہے، جس میں قندھار اور پکتیا کے علاوہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بھی دہشت گردوں کے مخصوص ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی ان دہشت گردوں کو سبق سکھانے کے لیے کی گئی ہے، جو سرحد پار سے پاکستان میں مداخلت کر رہے تھے۔

تجزیہ کار نے مزید انکشاف کیا کہ اس تمام صورتحال کے پیچھے بھارت کی خفیہ ایجنسی را اور اسرائیل کی موساد کا گٹھ جوڑ موجود ہے جو ایٹمی پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کہ مودی، ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں کے بعد یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کو کمزور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

سرحدی حالات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ افغان طالبان نے پاکستانی حدود میں گھسنے کی کوشش کی اور بلا اشتعال فائرنگ کی جس کا پاکستان کی افواج نے بھرپور جواب دیا۔

نثار سید نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی فوج وطن کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے اور دشمن کے دانت کھٹے کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔