ہفتہ، 28-فروری،2026
ہفتہ 1447/09/11هـ (28-02-2026م)

باز نہ آئے تو وجود مٹ جائے گا، رانا ثنااللہ کا افغان طالبان کو سخت انتباہ

28 فروری, 2026 09:24

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ اگر افغان طالبان نے اپنی روش تبدیل نہ کی تو ان کا وجود خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت دہشت گردی کے معاملے پر ایک صفحے پر ہے اور کسی بھی صورت نرمی نہیں برتی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں متفقہ قرارداد کی منظوری اس بات کا ثبوت ہے کہ تمام بڑی جماعتیں قومی سلامتی کے معاملے پر متحد ہیں، جبکہ قومی اسمبلی میں بھی اسی نوعیت کی قرارداد لائی جا رہی ہے۔

رانا ثنااللہ نے افغان حکمرانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بندوق کے زور پر قائم ڈھانچے کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ حکومت قرار نہیں دیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش دہشت گردی میں سرحد پار عناصر کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے اور اگر ردعمل آیا تو اس کا بھی مؤثر جواب دیا جائے گا۔ دہشت گرد گروہوں سے کسی قسم کے مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور کارروائیاں اپنے منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔

مشیرِ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر جنگ لڑ رہا ہے اور دوست ممالک، خصوصاً قطر، اس کوشش میں پاکستان کا ساتھ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام اور تمام سیاسی قوتیں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔