بدھ، 4-مارچ،2026
بدھ 1447/09/15هـ (04-03-2026م)

بیرون ملک جانیوالے پاکستانیوں کیلئے فلائٹس سے متعلق بڑی خبر آگئی

04 مارچ, 2026 11:36

پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی پروازوں کی منسوخی کا سلسلہ آج بھی جاری رہا۔ آج مجموعی طور پر 166 پروازیں منسوخ کی گئیں، جس کے باعث ہزاروں مسافر مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

 ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سکیورٹی خدشات اور فضائی حدود کی غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے متعدد ملکی اور غیر ملکی ایئرلائنز نے اپنے فلائٹ آپریشن محدود یا معطل کر دیے ہیں۔

کراچی سے دبئی، شارجہ، بحرین، دوحہ اور ابوظبی کے لیے 37 پروازیں منسوخ رہیں۔ لاہور سے کویت، دبئی، دوحہ، ابوظبی، شارجہ اور بحرین کے لیے 32 پروازیں متاثر ہوئیں۔ اسلام آباد سے بغداد، بحرین، کویت، العین، ابوظبی، دوحہ اور شارجہ کی 37 پروازیں منسوخ کی گئیں۔

 پشاور سے دوحہ، شارجہ، ابوظبی اور راس الخیمہ کے لیے 18 پروازیں منسوخ رہیں۔ فیصل آباد سے دوحہ، دبئی، بحرین، شارجہ اور ابوظبی کی 16 پروازیں متاثر ہوئیں جبکہ ملتان سے دوحہ، شارجہ، دبئی اور ابوظبی کی 18 پروازیں منسوخ کی گئیں۔

کوئٹہ سے شارجہ کے لیے غیر ملکی ایئرلائن کی دونوں پروازیں بھی منسوخ رہیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد سے ریاض جانے والی ایک نجی ایئرلائن کی پرواز کو فضا کی صورتحال کے باعث کراچی منتقل کرنا پڑا۔

پروازوں کی اچانک منسوخی کے باعث ایئرپورٹس پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔ کئی مسافر طویل انتظار کے بعد واپس گھر لوٹنے پر مجبور ہوئے۔ بیرونِ ملک کام کرنے والے پاکستانی بروقت اپنی ڈیوٹی پر نہ پہنچنے کے خدشات میں مبتلا رہے۔

 بعض مسافروں کے ورک اور وزٹ ویزوں کی مدت ختم ہونے کے قریب ہے، جس سے قانونی پیچیدگیاں اور اضافی اخراجات پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔ کئی مسافروں کے اہم کاروباری معاہدے، طبی معائنے اور خاندانی تقریبات بھی متاثر ہو رہی ہیں۔

ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ علاقائی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حالات بہتر ہوتے ہی فلائٹ آپریشن مرحلہ وار بحال کر دیے جائیں گے۔ تاہم فی الوقت پروازوں کا شیڈول غیر یقینی ہے اور مسافروں کو صبر و تحمل سے کام لینا ہوگا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔