بدھ، 4-مارچ،2026
بدھ 1447/09/15هـ (04-03-2026م)

پاکستان سے خلیجی ممالک کی 600 پروازیں منسوخ، ایئرلائنز کو کروڑوں کا نقصان

04 مارچ, 2026 15:32

ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے فضائی سفر کو بری طرح متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان سے خلیجی ممالک جانے والی سینکڑوں پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں۔

مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ اور فضائی حدود کے غیر محفوظ ہونے کی وجہ سے پاکستان کا فضائی آپریشن بری طرح درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق گزشتہ چار روز کے دوران پاکستان کے مختلف شہروں سے خلیجی ممالک آنے اور جانے والی چھ سو سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

اس اچانک بندش کی وجہ سے ہزاروں مسافر ایئرپورٹس پر پھنس گئے ہیں اور انہیں شدید ذہنی و جسمانی پریشانی کا سامنا ہے، جبکہ ایئرلائنز کو بھی کروڑوں روپے کا مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اگر صورتحال جلد بہتر نہ ہوئی اور فضائی آپریشن معطل رہا تو ایئرلائنز کا کاروبار مکمل طور پر ٹھپ ہو سکتا ہے۔ مسافروں کو ٹکٹوں کی واپسی اور قیام و طعام کے اضافی اخراجات کی وجہ سے ایئرلائنز پہلے ہی شدید دباؤ کا شکار ہیں۔

بین الاقوامی ایوی ایشن حکام صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں تاکہ محفوظ فضائی راستوں کا تعین کیا جا سکے، لیکن فی الحال خلیجی ممالک کے لیے سفر کرنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔