آبنائے ہرمز پر کشیدگی؛ روسی تیل پاکستان کو سپلائی کیا جائے گا، روسی میڈیا

آبنائے ہرمز میں بڑھتی کشیدگی کے دوران روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ روس جلد پاکستان کو خام تیل کی نئی کھیپ فراہم کرے گا۔
روسی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گلوبل انرجی امور کے ماہر ڈاکٹر ممودہ سلامے نے کہا ہے کہ تقریباً 7 لاکھ 33 ہزار بیرل روسی خام تیل جلد پاکستان روانہ کیا جائے گا۔ یہ تیل کراچی کی پورٹ قاسم بندرگاہ پر پہنچنے کی توقع ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان طویل عرصے سے اپنی تیل کی ضروریات کے لیے زیادہ تر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پر انحصار کرتا رہا ہے۔ تاہم گزشتہ چند برسوں میں پاکستان نے روس سے بھی خام تیل کی خریداری شروع کی ہے تاکہ توانائی کے ذرائع کو متنوع بنایا جا سکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جاری بحران کے باعث عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اسی وجہ سے کئی ممالک متبادل ذرائع تلاش کر رہے ہیں۔ پاکستان کے لیے روسی تیل کی سپلائی ایسے وقت میں اہم سمجھی جا رہی ہے جب عالمی منڈی میں قیمتوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
پاکستان بزنس کونسل کے حوالے سے رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں ہر 10 فیصد اضافے سے پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں تقریباً ڈیڑھ سے دو ارب ڈالر تک اضافہ ہو سکتا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل تک پہنچ جاتی ہے تو پاکستان کا سالانہ تجارتی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ مزید بڑھ کر 5 سے 7 ارب ڈالر تک جا سکتا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق ایسے حالات میں روسی تیل کی فراہمی پاکستان کے لیے کچھ حد تک معاشی دباؤ کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










