جی ایچ کیو حملہ کیس؛ عمر ایوب، مراد سعید اور ذلفی بخاری سمیت 47 ملزمان کو 10، 10 برس قید کی سزا

جی ایچ کیو حملہ کیس؛ عمر ایوب، مراد سعید اور ذلفی بخاری سمیت 47 ملزمان کو 10، 10 برس قید کی سزا
راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 47 اشتہاری ملزمان کو 10، 10 برس قید کی سزا سنائی ہے۔
عدالت کے جج امجد علی شاہ نے فیصلے میں کہا کہ ملزمان نے جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ اور آرمی میوزیم پر حملوں میں حصہ لیا۔ عدالت نے سزا کے ساتھ ہر ملزم پر 5،5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی عائد کی اور ان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دیا۔
سزا پانے والوں میں معروف سیاسی شخصیات بھی شامل ہیں۔ ان میں عمر ایوب، مراد سعید، زرتاج گل، شبلی فراز، حماد اظہر، کنول شوذب، راشد شفیق، شہباز گل، ذلفی بخاری، محمد احمد چٹھہ، رائے حسن نواز اور رائے محمد مرتضیٰ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شوکت علی بھٹی، عثمان سعید بسرا اور اعجاز خان جازی بھی قید اور جرمانے کی سزا پائے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ملزمان نے 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے دوران پولیس اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔
جے آئی ٹی کی رپورٹ کے مطابق یہ ملزمان پرتشدد احتجاج کی منصوبہ بندی میں مرکزی کردار رکھتے تھے۔
عدالت نے بتایا کہ مقدمے میں اب تک استغاثہ کے 44 گواہان کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں۔ 118 ملزمان میں سے 18 دوران ٹرائل عدالت میں غیر حاضر رہے اور 29 ملزمان مقدمے کے اندراج کے بعد کبھی پیش نہیں ہوئے۔
انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت 47 ملزمان کا علیحدہ ٹرائل کیا گیا۔ پراسیکیوشن نے 6 جنوری 2026 کو کارروائی کی درخواست دی، جس پر عدالت نے انکوائری قائم کی۔ 8 جنوری 2026 کو 47 مفرور ملزمان کا اشتہار جاری ہوا۔ عدالت نے ان ملزمان کو 7 دن میں سرنڈر کرنے کا موقع دیا، مگر کوئی پیش نہیں ہوا۔
یہ فیصلہ ملکی سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی قوانین کی مضبوطی کا ثبوت ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











