ملک بھر کے ہوائی اڈوں سے مزید درجنوں پروازیں منسوخ

مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستان کے مختلف بین الاقوامی ہوائی اڈوں سے خلیجی ممالک کے لیے جانے والی بڑی تعداد میں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف ہوائی اڈوں سے مشرق وسطیٰ کے لیے جانے والی ایک سو دو پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ سب سے زیادہ پروازیں کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے منسوخ کی گئیں، جہاں دبئی، شارجہ اور کویت کے لیے چوالیس پروازیں منسوخ ہوئیں۔
اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے دبئی، ابو ظہبی اور دوحہ کے لیے آٹھ پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ لاہور سے دبئی، ابو ظہبی، قطر، کویت اور بحرین کے لیے اٹھارہ پروازیں منسوخ ہوئیں۔
اسی طرح پشاور سے سولہ، ملتان سے دس، سیالکوٹ سے چار اور فیصل آباد سے دو پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔ منسوخ ہونے والی پروازوں میں امارات، اتحاد، ایئر عربیہ اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن سمیت مختلف فضائی کمپنیوں کی پروازیں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : افغان طالبان کا پاکستان مخالف مظاہروں میں کم عمر بچوں کا زبردستی استعمال
حکام کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جنگی صورتحال اور فضائی حدود کی بندش کے باعث پروازوں کے شیڈول میں شدید خلل پیدا ہوا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ نو دنوں کے دوران مشرق وسطیٰ میں منسوخ ہونے والی پروازوں کی مجموعی تعداد چونتیس ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
اگرچہ کچھ علاقوں میں فضائی آپریشن جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہو گیا ہے اور محدود تعداد میں پروازیں دوبارہ شروع کی جا رہی ہیں، تاہم صورتحال اب بھی غیر یقینی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی خطے کی صورتحال بہتر ہو گی پروازوں کا شیڈول بھی معمول پر لانے کی کوشش کی جائے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









