جنگ کے خاتمے کا فیصلہ امریکہ نہیں، ایران خود کرے گا : پاسداران انقلاب

ایران کی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ خطے میں امریکی فوجی ڈھانچے کو تباہ کر دیا گیا ہے، جاری جنگ کا اختتام کب ہوگا اس کا فیصلہ ایران خود کرے گا۔
ایران کی پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل علی محمد نائینی نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج خطے میں امریکی فوجی تنصیبات کو تباہ کر چکی ہیں اور جاری جنگ کے خاتمے کا فیصلہ ایران خود کرے گا۔
ایرانی فوجی ترجمان نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج خطے میں توانائی کے وسائل اور سکیورٹی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
بریگیڈیئر جنرل علی محمد نائینی نے کہا کہ ایرانی افواج آبنائے ہرمز میں امریکی بحری بیڑے اور طیارہ بردار جہاز جیرالڈ آر فورڈ کا انتظار کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کی جنگی صلاحیتیں ختم کردیں، جنگ جلد ختم ہو جائے گی، ٹرمپ
ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکی بحری قوت اس اہم بحری گزرگاہ میں داخل ہوئی تو اسے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی کارروائیوں کے نتیجے میں خطے میں موجود امریکا کی تمام اہم فوجی تنصیبات کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
ایرانی ترجمان نے کہا کہ جنگ جاری رہے گی اور اس کا اختتام کب ہوگا اس کا فیصلہ ایران کرے گا۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو بھی مسترد کر دیا، جس میں کہا گیا تھا کہ ایران کی فوجی صلاحیت کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
بریگیڈیئر جنرل علی محمد نائینی نے کہا کہ امریکی صدر کے یہ بیانات مکمل طور پر جھوٹ اور نفسیاتی جنگ کا حصہ ہیں جن کا مقصد عوامی رائے کو متاثر کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی مسلح افواج ہر ممکن صورتحال کے لیے تیار ہیں اور اگر دشمن نے مزید جارحیت کی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












