تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں، دنیا کو امن کی ضرورت ہے، جنگ کی نہیں: چین

چین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے تمام ممالک کی خودمختاری کا احترام کیا جانا چاہیے، اختلافات اور تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں، دنیا کو امن کی ضرورت ہے جنگ کی نہیں۔
چین کے نائب صدر ہان چیانگ نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اکیاسی ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو امن کی ضرورت ہے جنگ کی نہیں۔ سب کو مل کر پائیدار امن کیلئے کام کرنا چاہیے۔ اختلافات اور تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں۔ یو این چارٹر کے خلاف یکطرفہ فوجی کارروائیوں کی مخالفت کی جائے۔
چینی نائب صدر نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے تمام ممالک کی خودمختاری کا احترام کیا جانا چاہیے، انہوں نے خلیجی ممالک اور مشرق وسطیٰ کی سلامتی کے لیے بھرپور حمایت کی توثیق کی ہے اور ان پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دنیا خلیجی سلامتی کو سنجیدگی سے لے، سعودی وزیر خارجہ کا اقوام متحدہ سے خطاب
چینی رہنماء نے عالمی تجارت اور توانائی کی فراہمی کے تسلسل کے لیے بحری جہاز رانی کی آزادی کی اشد ضرورت پر زور دیا۔
ہان چیانگ نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ کشیدگی کے معاشی اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے تجارت اور توانائی کی نقل و حرکت بری طرح متاثر ہو رہی ہے، لہذا دنیا بھر میں سپلائی چینز کی سلامتی کو برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے مشترکہ کوششیں کرنے کی اپیل کی اور متعدد بحرانوں کا مقابلہ کرنے کے لیے متفقہ عالمی عمل کو انتہائی اہم قرار دیا۔
فلسطینی مسئلے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چینی نائب صدر نے دو ریاستی حل کے لیے بیجنگ کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور مطالبہ کیا کہ فلسطینی مسئلے کو اس کے منصفانہ اور درست راستے پر واپس لایا جائے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












