مشرق وسطیٰ کشیدگی سے پاکستان کی معیشت کو نئے خطرات کا سامنا

مشرق وسطیٰ میں امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث پاکستان کو معاشی سطح پر نئے خطرات اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ نے پاکستان کی معیشت کے لیے نئے خدشات پیدا کر دیئے ہیں، جس کے باعث اقتصادی غیر یقینی میں اضافہ ہو گیا ہے۔
اس صورتحال کے دوران پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے کے درمیان ششماہی اقتصادی جائزے کے سلسلے میں آن لائن مذاکرات جاری ہیں۔
وزارت خزانہ کے حکام نے عالمی مالیاتی ادارے کو ملک کی موجودہ معاشی صورتحال اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے مجوزہ ٹیکس اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی ہے۔
حکام کے مطابق اگرچہ معاشی صورتحال میں کچھ بہتری کے آثار نظر آ رہے ہیں تاہم علاقائی کشیدگی کے باعث خطرات اور غیر یقینی بدستور موجود ہیں۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ ایندھن کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے نتیجے میں مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ہے جبکہ خوراک اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے بھی عوام پر مالی دباؤ بڑھ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران میں تیل تنصیبات پر ہوئی بمباری سے پاکستان میں فضائی آلودگی کا خطرہ
اعداد و شمار کے مطابق فروری دو ہزار چھبیس میں بنیادی مہنگائی کی شرح سات اعشاریہ چھ فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران معاشی شرح نمو چار اعشاریہ دو فیصد کے ہدف کے مقابلے میں تقریباً چار فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔
مرکزی بینک کے اندازے کے مطابق معاشی ترقی کی شرح تین اعشاریہ پچھتر فیصد سے چار اعشاریہ پچھتر فیصد کے درمیان رہ سکتی ہے۔
عالمی مالیاتی ادارے نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ جون تک زرمبادلہ کے ذخائر کو اٹھارہ ارب ڈالر تک پہنچایا جائے۔
وزارت خزانہ کے مطابق اس وقت مرکزی بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر تقریباً سولہ اعشاریہ تین ارب ڈالر ہیں جبکہ رواں سال ترسیلات زر تینتالیس ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔
نئے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے اور سپر ٹیکس کے خاتمے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں تاہم ان اقدامات کو عالمی مالیاتی ادارے کی منظوری سے مشروط کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق تنخواہوں پر عائد آمدنی ٹیکس میں پانچ فیصد تک کمی کی تجویز بھی عالمی مالیاتی ادارے کی منظوری سے مشروط ہوگی جبکہ بجٹ سے متعلق مزید مشاورت جاری رکھی جائے گی۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












