منگل، 26-مئی،2026
منگل 1447/12/09هـ (26-05-2026م)

پاکستان مشکل چیلنجز کے باوجود عالمی منڈیوں کا اعتماد جیتنے میں کامیاب رہا، بلومبرگ

26 مئی, 2026 13:37

بلومبرگ نے اپنی رپورٹ میں اعتراف کیا ہے کہ پاکستان مشکل علاقائی و معاشی چیلنجز کے باوجود عالمی مالیاتی منڈیوں میں اپنا اعتماد بحال کرنے اور معاشی استحکام حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔

خلیجی ممالک اور مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کے انتہائی فعال، مدبرانہ اور دوراندیش سفارتی کردار نے عالمی سطح پر اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔

عالمی توانائی کے شدید بحران کے باوجود پاکستان اپنے غیر معمولی معاشی استحکام کی بدولت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مستقل مرکز بن چکا ہے۔

عالمی مالیاتی اعداد و شمار کے لیے دنیا کے مستند ترین ادارے بلومبرگ کے مطابق پاکستان نے مشکل علاقائی اور معاشی چیلنجز کے باوجود عالمی مالیاتی منڈیوں میں نمایاں اعتماد حاصل کیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی معیشت میں استحکام برقرار ہے، جس کے تحت روپیہ دو سو اسی فی ڈالر پر مستحکم رہا جبکہ کراچی اسٹاک ایکسچینج سو انڈیکس میں سال بھر کے دوران صرف ایک اعشاریہ تین فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستانی اوپن مارکیٹ میں ایرانی ریال کی مانگ میں اچانک بڑا اضافہ

بلومبرگ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ پاکستان کی اس معاشی مضبوطی کی بڑی وجوہات میں عالمی مالیاتی فنڈ سے مسلسل تعاون، کامیاب خلیجی سفارت کاری، اور سعودی عرب و چین کی جانب سے ملنے والی بروقت مالی امداد شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان کے لیے تین ارب ڈالر کے ذخائر اور پانچ ارب ڈالر کی قرض سہولت کی مدت میں توسیع کی ہے، جبکہ چین نے پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے لیے 257 ملین ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری کی ہے۔

بلومبرگ کے مطابق ان اقدامات کے باعث عالمی معاشی طاقتیں اب پاکستان کی اسٹریٹجک اہمیت کی معترف نظر آ رہی ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اپنے محفوظ جغرافیائی مقام کے باعث گوادر بندرگاہ خطے میں مستقبل کا سب سے بڑا اور اہم اسٹریٹجک لاجسٹکس حب یعنی تجارتی مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

سفارتی اور معاشی ماہرین کا بھی کہنا ہے کہ پاکستان کی جغرافیائی و عسکری اہمیت، گوادر بندرگاہ کی اسٹریٹجک پوزیشن اور مسلم دنیا میں بڑھتا ہوا فعال سفارتی کردار عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک نئی کشش بن رہا ہے۔

ماہرین نے واشگاف الفاظ میں کہا ہے کہ اگر آئی ایم ایف پروگرام، دوست ممالک کی مالی معاونت اور ملکی برآمدات پر مبنی معاشی اصلاحات کا تسلسل اسی طرح برقرار رہا تو پاکستان آئندہ چند برسوں کے اندر پورے خطے کی ایک ابھرتی ہوئی معاشی اور تجارتی معیشت بن سکتا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔