پاکستان میں جلوس اور اجتماعات، امریکی سفارت خانے کا سیکیورٹی الرٹ جاری

پاکستان میں ممکنہ بڑے اجتماعات اور جلوسوں کے پیش نظر امریکی سفارت خانے نے سیکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
امریکی سفارت خانے کے جاری اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں قائم امریکی سفارت خانہ جبکہ لاہور، کراچی اور پشاور میں موجود قونصل خانے ملک بھر میں ہونے والے ممکنہ بڑے اجتماعات اور جلوسوں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آج دوپہر بارہ بجے سے امریکی سفارتی عملے کی نقل و حرکت کو محدود کر دیا جائے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچاؤ کو یقینی بنایا جا سکے۔
سفارت خانے کے مطابق بڑے اجتماعات کے باعث بعض علاقوں میں ٹریفک کا شدید دباؤ پیدا ہونے کا امکان ہے جبکہ سیکیورٹی چوکیوں کی تعداد میں اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران نے عرب ممالک پر دو ہزار ڈرون اور پانچ سو میزائل داغے، امریکی اخبار
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بعض علاقوں میں عارضی طور پر موبائل فون اور انٹرنیٹ کی سہولت میں خلل پیدا ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔
امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ بڑے اجتماعات اور ہجوم والے مقامات سے دور رہیں اور اپنے اردگرد کے ماحول پر گہری نظر رکھیں۔
اعلامیے کے مطابق لاہور اور کراچی میں امریکی قونصل خانوں میں فی الحال قونصلر خدمات معطل ہیں تاہم اسلام آباد میں سفارت خانہ امریکی شہریوں کو خدمات فراہم کرتا رہے گا۔
سفارت خانے نے مزید بتایا کہ جن افراد کی پہلے سے ملاقات کا وقت مقرر ہے اگر اس میں کوئی تبدیلی ہوئی تو متعلقہ افراد کو آگاہ کر دیا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










