منگل، 10-مارچ،2026
منگل 1447/09/21هـ (10-03-2026م)

کراچی بندرگاہ پر رش کم کرنے کیلئے نیلامی کے قابل کنٹینرز پر ڈیمرج معاف کرنے کا اعلان

10 مارچ, 2026 14:27

کراچی بندرگاہ پر بڑھتے ہوئے رش کو کم کرنے اور تجارتی سرگرمیوں کو بہتر بنانے کے لیے کراچی پورٹ ٹرسٹ اور نجی ٹرمینلز نے نیلامی کے قابل کنٹینرز پر مکمل ڈیمرج معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق نیلامی کے قابل اور نیلام شدہ کنٹینرز پر سو فیصد ڈیمرج چارجز معاف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ کراچی پورٹ ٹرسٹ اور نجی ٹرمینلز آپریٹرز کے درمیان تفصیلی اور تعمیری مشاورت کے بعد کیا گیا تاکہ بندرگاہ پر بڑھتے ہوئے رش کو کم کیا جا سکے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہوگا کہ متعلقہ کنٹینرز کو نیلامی کے سات دن کے اندر اندر کلیئر کر لیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی اور لاہور کے امریکی قونصل خانوں میں خدمات بحال نہ ہوسکیں

اس اقدام سے پاکستان کسٹمز کو طویل عرصے سے زیر التواء کنٹینرز کی کلیئرنس کے عمل کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ تجارتی اور نقل و حمل کے شعبے کو بھی اس فیصلے سے نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔

ترجمان کے مطابق نیلامی کے قابل کارگو کی تیز رفتار کلیئرنس کے ذریعے بندرگاہ پر جمع ہونے والے کنٹینرز کی تعداد میں کمی آئے گی، جس سے بندرگاہی سرگرمیوں میں روانی پیدا ہوگی۔

حکام کو امید ہے کہ اس اقدام کے نتیجے میں کراچی بندرگاہ کے ذریعے آنے والے ترسیلی سامان کو مؤثر انداز میں سنبھالنے میں مدد ملے گی اور تجارتی سرگرمیوں میں بہتری آئے گی۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔