منگل، 10-مارچ،2026
منگل 1447/09/21هـ (10-03-2026م)

یہ کہنا درست نہیں کہ پاکستان ایران کے ساتھ ہے تو سعودی عرب کے ساتھ کیسے چل سکتا ہے، اعظم نذیر تارڑ

10 مارچ, 2026 15:10

اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ایران پر حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال نے پوری دنیا کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے اور پاکستان کیلئے بھی یہ حالات چیلنج اور لمحہ فکریہ ہیں۔

اسلام آباد میں وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ایران پر بلاجواز حملے کی سب سے پہلے پاکستان نے مذمت کی تھی۔ سپریم لیڈر کی شہادت پر بھی پاکستان نے فوری طور پر مذمتی بیان جاری کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اگر جنگ کا دائرہ وسیع ہوا اور خلیجی دوست ممالک پر حملے ہوئے تو پاکستان نے ان واقعات کو بھی اسی سنجیدگی سے دیکھا ہے۔ بین الاقوامی معاملات پر میڈیا اور سماجی ذرائع ابلاغ کے ذریعے رائے دیتے وقت ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ضروری ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی معاملے پر اظہار رائے کرتے وقت پاکستان کی خارجہ پالیسی اور آئین کو مدنظر رکھنا لازمی ہے۔ بعض معاملات پر غیر ضروری بیانات کے باعث دوست ممالک کی جانب سے تشویش کا اظہار بھی کیا گیا اور یہ سوال اٹھایا گیا کہ آیا یہ پاکستان کا سرکاری موقف ہے یا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کے قطر، بحرین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پر میزائل اور ڈرون حملے

انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل انیس کے تحت شہریوں کو اظہار رائے کی آزادی حاصل ہے، لیکن اس آزادی کے ساتھ کچھ قانونی حدود بھی مقرر ہیں۔ جب پاکستان کی سلامتی اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کی بات ہو تو احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا لازمی ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ درست معلومات تک رسائی اور آئینی حدود میں رہتے ہوئے رائے کا اظہار ہر شہری کا حق ہے تاہم آئین کی مقرر کردہ سرخ لکیر عبور ہونے کی صورت میں فوجداری مقدمات درج کیے جا سکتے ہیں۔ یہ کہنا درست نہیں کہ اگر پاکستان ایران کے ساتھ ہے تو وہ سعودی عرب کے ساتھ کیسے چل سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست کو بہتر معلوم ہے کہ مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات کو کس انداز میں آگے بڑھانا ہے۔ وزیر اعظم اس وقت خطے کے مختلف ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور پاکستان دوست ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطہ اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے اور ہمیں مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے کشیدگی میں کمی کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔