اپنی چھت اپنا گھر اسکیم سے متعلق بڑی خبر آگئی

Big News Regarding the Apni Chhat Apna Ghar Scheme
پنجاب حکومت کے فلاحی منصوبے اپنی چھت اپنا گھر کے تحت شہریوں کو بلاسود قرض دینے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
پروگرام کے حوالے سے حکومت کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے ذریعے ہزاروں ایسے افراد کو سہولت مل رہی ہے جو مالی مشکلات کی وجہ سے اپنا گھر تعمیر نہیں کر پاتے تھے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس منصوبے میں رجسٹریشن کروانے والوں کی تعداد 19 لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے۔ اب تک 11 لاکھ 35 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ درخواستوں کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے تاکہ مستحق افراد کو جلد از جلد مالی مدد فراہم کی جا سکے۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین سے پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کے ڈی جی سکندر ذیشان نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہیں منصوبے کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
حکام نے بتایا کہ اب تک ایک لاکھ 31 ہزار 680 افراد کو گھروں کی تعمیر کے لیے بلاسود قرض فراہم کیا جا چکا ہے۔ ان قرضوں کی مدد سے ہزاروں خاندان اپنے گھروں کی تعمیر شروع کر چکے ہیں۔
حکام کے مطابق حکومت نے رواں ماہ مزید 18 ہزار 375 افراد کو قرض فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ مستحق شہریوں تک اس منصوبے کے فوائد پہنچانا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اس پروگرام کے تحت اب تک صوبے بھر میں 83 ہزار 330 گھر مکمل کیے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ 45 ہزار 425 گھروں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔
اب تک اس پروگرام کے تحت 183 ارب روپے سے زائد کی رقم مستحق افراد کو فراہم کی جا چکی ہے۔ ساتھ ہی قرضوں کی واپسی کا عمل بھی جاری ہے اور اب تک 8 اعشاریہ 4 ارب روپے کی ریکوری ہو چکی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









