عید الفطر 20 مارچ کو ہوگی یا 21 مارچ کو؟ رویتِ ہلال کمیٹی سے اہم خبر آگئی

Will Eid-ul-Fitr Be on March 20 or March 21? Important Update from the Ruet-e-Hilal Committee
اسلام آباد میں شوال کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس 19 مارچ کو طلب کر لیا گیا ہے۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد کریں گے۔ اجلاس میں مختلف مکاتبِ فکر کے علما، محکمہ موسمیات کے نمائندے اور دیگر متعلقہ اداروں کے ماہرین بھی شریک ہوں گے۔
اجلاس کے دوران ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں اور اطلاعات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مختلف شہروں میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی منعقد ہوں گے۔ یہ کمیٹیاں اپنے اپنے علاقوں میں چاند نظر آنے سے متعلق اطلاعات اکٹھی کریں گی اور اپنی رپورٹ مرکزی کمیٹی کو بھیجیں گی۔
ذرائع کے مطابق زونل کمیٹیوں کی جانب سے ملنے والی شہادتوں کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ تمام شواہد کا جائزہ لینے کے بعد مرکزی کمیٹی شوال کے چاند کی رویت کے بارے میں حتمی اعلان کرے گی۔ اسی اعلان کے بعد عیدالفطر کی تاریخ کا باضابطہ تعین کیا جائے گا۔
دوسری جانب اسپارکو نے شوال کے چاند کے حوالے سے اپنی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔ ادارے کے مطابق نیا چاند 19 مارچ کی صبح 6 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہوگا۔ تاہم اس دن غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 12 گھنٹے 41 منٹ ہوگی جس کی وجہ سے اس کا نظر آنا مشکل ہو سکتا ہے۔
اسپارکو کے مطابق فلکیاتی اندازوں کے تحت 19 مارچ کی شام چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔ اسی وجہ سے اس سال 30 روزے مکمل ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اگر ایسا ہوا تو پاکستان میں عیدالفطر 21 مارچ کو منائے جانے کی توقع ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










