جمعرات، 12-مارچ،2026
جمعرات 1447/09/23هـ (12-03-2026م)

ہر عمر میں جسمانی طور پر فٹ رہنا چاہتے ہیں؟ تو 2 منٹ کی اس آسان ورزش کو عادت بنالیں

12 مارچ, 2026 09:54

اگر آپ دن بھر کی مصروفیات میں الجھے رہتے ہیں اور ورزش کے لیے وقت نہیں نکال پاتے، تو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ آپ اپنے دفتر یا کاروباری ماحول میں صرف چند منٹ نکال کر جسمانی فٹنس بہتر بنا سکتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق دن میں 3 یا 4 بار سیڑھیوں پر تیزی سے چڑھنا اور اترنا دل اور پھیپھڑوں کی فٹنس کے لیے نہایت مؤثر ثابت ہوتا ہے۔ ٹورنٹو یونیورسٹی کی دسمبر 2022 کی تحقیق میں بتایا گیا کہ دن بھر 2 منٹ تک سخت جسمانی سرگرمیاں کرنا، جیسے سیڑھیوں پر تیزی سے چڑھنا یا چھوٹے فاصلوں پر تیز چہل قدمی، جسمانی فٹنس بڑھانے میں مددگار ہیں۔

تحقیق میں 20 سے 30 سال کے 12 صحت مند افراد شامل تھے جو زیادہ تر وقت بیٹھ کر گزارتے تھے۔ انہیں ہر 30 منٹ بعد اٹھ کر 2 منٹ تک چہل قدمی کرنے یا اپنی کرسی سے اٹھ کر بیٹھنے کی ہدایت دی گئی۔ نتیجہ یہ نکلا کہ اس عادت سے مسلز کی مرمت اور حجم بڑھانے میں مدد ملتی ہے اور زیادہ وقت بیٹھنے سے پیدا ہونے والے منفی اثرات کم ہو جاتے ہیں۔

اسی طرح 2019 میں ایک اور تحقیق میں نوجوانوں کو دن میں تین بار تین منزلیں چڑھنے اور اترنے کی ہدایت دی گئی۔ یہ عمل چھ ہفتے تک جاری رہا اور اس دوران ان کی ایروبک فٹنس اور ٹانگوں کی طاقت میں واضح اضافہ دیکھا گیا۔

محققین کا کہنا ہے کہ زیادہ وقت بیٹھنے سے ہائی بلڈ شوگر، کولیسٹرول اور دیگر صحت کے مسائل پیدا ہوتے ہیں، لیکن مختصر دورانیے کی جسمانی سرگرمیاں ان اثرات کو کم کر سکتی ہیں۔ ہر جسمانی سرگرمی، جس سے دل کی دھڑکن بڑھ جائے اور جو ایک سے دو منٹ تک ہو، ورزش کے طور پر شمار کی جا سکتی ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں کی تحقیقات پر مبنی ہے، قارئین اپنی صحت کے حوالے سے اپنے معالج سے مشورہ ضرور کریں۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔