سندھ ریونیو بورڈ کی کارکردگی میں بہتری، محصولات میں اکتالیس فیصد اضافہ

کراچی میں سندھ ریونیو بورڈ کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی محصولات میں نمایاں اضافے اور ٹیکس وصولیوں کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے میں محصولات کی صورتحال، وصولیوں میں اضافے اور ٹیکس نظام میں اصلاحات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ فروری دو ہزار چھبیس میں سندھ ریونیو بورڈ کی مجموعی وصولی چونتیس ارب چھیاسی کروڑ روپے رہی جبکہ فروری دو ہزار پچیس میں یہ وصولی چوبیس ارب چھ سو چونسٹھ کروڑ روپے تھی۔ اس طرح ایک سال کے دوران محصولات میں اکتالیس فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح رواں مالی سال جولائی سے فروری تک مجموعی وصولی دو سو پچیس ارب چھ سو تریپن کروڑ روپے تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ وصولی ایک سو بیاسی ارب چھ سو پانچ کروڑ روپے تھی۔ اس طرح مجموعی طور پر چوبیس فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ طویل کوششوں کے بعد نو اعشاریہ پانچ ارب روپے کے واجبات کی ریکارڈ وصولی بھی ممکن بنائی گئی۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ مالی سال دو ہزار بارہ دو ہزار گیارہ میں صوبائی محصولات پچیس ارب روپے تھے، جو مسلسل اضافے کے بعد مالی سال دو ہزار پچیس دو ہزار چوبیس میں تین سو چھ اعشاریہ چھ ارب روپے تک پہنچ گئے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں دو سو چوراسی اعشاریہ چار ارب روپے وصول کیے گئے جبکہ جون دو ہزار پچیس میں سندھ ریونیو بورڈ کی تاریخ کی سب سے زیادہ ماہانہ وصولی چالیس اعشاریہ پانچ ارب روپے ریکارڈ کی گئی۔
مزید بتایا گیا کہ بندرگاہ اور ٹرمینلز، ٹیلی کمیونیکیشن اور بینکاری کے شعبے صوبائی محصولات میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ بندرگاہ اور ٹرمینل آپریٹرز کے شعبے سے چالیس اعشاریہ دو ارب روپے، ٹیلی کمیونیکیشن سے چوبیس اعشاریہ دو ارب روپے اور بینکاری کے شعبے سے بیس اعشاریہ چونتیس ارب روپے محصولات حاصل ہوئے۔
اسی طرح فرنچائز خدمات سے سترہ اعشاریہ تریپن ارب اور انشورنس کے شعبے سے چودہ اعشاریہ چھپن ارب روپے آمدن حاصل ہوئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سرفہرست دس شعبوں نے مجموعی طور پر ایک سو پچپن اعشاریہ چھ ارب روپے محصولات فراہم کیے جبکہ مزید ستائیس خدماتی شعبوں سے ایک ارب روپے سے زائد آمدن حاصل کی گئی۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سافٹ ویئر کنسلٹنسی کے شعبے میں انچاس فیصد اضافہ ہوا جبکہ گڈز ٹرانسپورٹیشن کے شعبے میں پچاس فیصد اور انجینئرنگ کنسلٹنسی میں چوالیس فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
فنڈز اور اثاثہ جات مینجمنٹ کے شعبے نے پہلی مرتبہ بڑے ٹیکس دہندگان کی فہرست میں جگہ بنائی اور اس شعبے سے ایک سو باسٹھ فیصد اضافے کے ساتھ پانچ اعشاریہ چھہتر ارب روپے وصول کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : وفاق نے گورنر سندھ کی تبدیلی پر اعتماد میں نہیں لیا، ایم کیو ایم پاکستان
اجلاس میں بتایا گیا کہ حیدرآباد کمشنریٹ نے بیس اعشاریہ نو ارب روپے جمع کیے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں اڑتیس فیصد زیادہ ہیں جبکہ سکھر اور لاڑکانہ کمشنریٹس کی مشترکہ وصولی گیارہ ارب روپے رہی جو اکتالیس فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔
چیئرمین سندھ ریونیو بورڈ نے بتایا کہ محصولات میں یہ اضافہ بہتر نگرانی، وصولی مہم اور ڈیجیٹل نظام کے باعث ممکن ہوا۔ مالی سال دو ہزار پچیس دو ہزار چوبیس میں ودہولڈنگ ایجنٹس کے ذریعے اڑتالیس اعشاریہ بیالیس ارب روپے جمع کیے گئے جبکہ گزشتہ سال یہ رقم سینتیس اعشاریہ تینتالیس ارب روپے تھی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ مالیاتی حساب کتاب اور بجٹنگ نظام اور ایس اے پی پلیٹ فارم کے ذریعے ٹیکس کٹوتی کے نظام میں شفافیت کو بہتر بنایا گیا ہے جبکہ سندھ ورکرز ویلفیئر فنڈ کی وصولیاں بائیس اعشاریہ پچیس ارب روپے تک پہنچ گئیں جو مقررہ ہدف سے پچپن فیصد زیادہ ہیں۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ سندھ ریونیو بورڈ میں انٹیلی جنس، انویسٹی گیشن اور پراسیکیوشن ونگ قائم کیا گیا ہے، جبکہ ٹیکس فراڈ اور جعلی انوائس کے خلاف خصوصی انفورسمنٹ یونٹ بھی تشکیل دیا گیا ہے۔ سندھ ریونیو بورڈ پاکستان کی پہلی صوبائی ریونیو اتھارٹی بن گئی ہے، جس نے ایسا یونٹ قائم کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اجلاس میں سندھ ریونیو بورڈ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تین سو ارب روپے کی حد عبور کرنا ایک بڑا سنگ میل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی آمدن میں اضافہ بہتر حکمرانی، شفافیت اور ادارہ جاتی اصلاحات کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ٹیکس دہندگان کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے کیونکہ ٹیکس دہندگان محصولات کے نظام کے اہم شراکت دار ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ٹیکس نیٹ کو مزید وسیع کرنے، ٹیکس چوری کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور ڈیجیٹل اصلاحات کو تیز کرنے کی بھی ہدایت دی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








