آرمی چیف کی جنگی لباس میں سعودی ولی عہد سے ملاقات، مکمل دفاعی یکجہتی کا عملی اظہار

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے حالیہ ملاقات میں جنگی لباس (کومبیٹ ڈریس) میں شریک ہونا اپنے برادر ملک سعودی عرب کیلئے مکمل دفاعی یکجہتی کا عملی اظہار ہے۔
گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کی۔
اس ملاقات کے بعد میڈیا پر جاری ہونے والی تصاویر نے عالمی اور علاقائی دفاعی تجزیہ کاروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی ہے۔
ان تصاویر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پاکستان کی افواج کے مخصوص جنگی لباس میں دیکھا جا سکتا ہے، جو کہ سفارتی پروٹوکول کے لحاظ سے انتہائی غیر معمولی اور گہری معنویت کا حامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : یہ کہنا درست نہیں کہ پاکستان ایران کے ساتھ ہے تو سعودی عرب کے ساتھ کیسے چل سکتا ہے، اعظم نذیر تارڑ
عمومی طور پر جب کسی ملک کا سپہ سالار غیر ملکی دوروں پر جاتا ہے تو وہ روایتی طور پر رسمی یا سیریمونیل لباس زیب تن کرتا ہے، تاہم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا اس انتہائی اہم ملاقات میں جنگی لباس میں شرکت کرنا کسی بڑے تزویراتی پیغام سے کم نہیں۔
یہ اقدام پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ قائم دیرینہ برادرانہ تعلقات اور دفاعی معاہدوں کے تحت ایک اٹوٹ یکجہتی کا عکاس ہے۔ اس ملاقات نے یہ واضح کر دیا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی سالمیت اور دفاع کو اپنی دفاعی ترجیحات میں کلیدی حیثیت دیتا ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق اس لباس کا انتخاب ایک واضح اشارہ ہے کہ پاکستان کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنے برادر اسلامی ملک کے دفاع کے لیے تیار ہے اور دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون کی سطح کو مزید مستحکم کیا گیا ہے۔
یہ عمل اس عزم کا اعادہ ہے کہ پاکستان اپنے دیرینہ تعلقات اور دفاعی معاہدوں کے تناظر میں سعودی عرب کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔
یہ ملاقات نہ صرف دو طرفہ سیکیورٹی تعاون کو بڑھانے کا ذریعہ ہے بلکہ خطے میں ایک مضبوط دفاعی بلاک کے قیام کے حوالے سے بھی انتہائی اہم پیش رفت کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








