جمعہ، 13-مارچ،2026
جمعہ 1447/09/24هـ (13-03-2026م)

پاک بحریہ کی حفاظت میں دو تیل بردار جہاز کراچی پہنچ گئے

13 مارچ, 2026 15:08

یو اے ای سے کروڑوں لیٹر تیل لے کر دو جہاز پاک بحریہ کی حفاظت میں کراچی کی بندرگاہ پر پہنچ گئے ہیں، جس سے ملک میں ایندھن کی فراہمی مستحکم ہونے کی توقع ہے۔

حکام کے مطابق متحدہ عرب امارات کے ساحلی شہر فجیرا سے تیل کی بڑی کھیپ لے کر دو جہاز بحفاظت کراچی کی بندرگاہ پر پہنچ گئے ہیں۔ ان جہازوں میں دس سے بارہ کروڑ لیٹر تک تیل موجود تھا، جو ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے حکام نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ دنوں میں خلیجی پانیوں میں جہازوں پر حملوں کے واقعات کے بعد اس ترسیل کو محفوظ بنانا انتہائی ضروری ہو گیا تھا۔

اس مقصد کے لیے پاک بحریہ نے اہم کردار ادا کیا اور جہازوں کو مکمل حفاظتی حصار میں پاکستان تک پہنچایا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے باعث کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔

یہ بھی پڑھیں : روسی تیل پاکستان کیلئے کیوں مہنگا پڑتا ہے؟

وفاقی وزیر بحری امور جنید انور نے جہازوں کی محفوظ منتقلی پر پاک بحریہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی اور معاشی استحکام کے لیے بحریہ کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس کامیاب کارروائی پر پاک بحریہ کی شکر گزار ہے۔

وزیر بحری امور نے مزید بتایا کہ خلیج فارس میں پھنسے ہوئے دو دیگر جہازوں کو بھی محفوظ طریقے سے نکالنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں وزارت خارجہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ ایران کے ساتھ رابطہ کر کے فوری پیش رفت یقینی بنائی جائے۔

پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے حکام کے مطابق اس تیل کی بروقت فراہمی ملک کے توانائی کے شعبے کے لیے نہایت اہم ہے کیونکہ اس سے ایندھن کی فراہمی میں تسلسل برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔

Catch all the پاکستان News, کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔