پاکستان اور سعودی عرب کا مسلم ممالک کے درمیان تصادم روکنے پر اتفاق

پاکستان اور سعودی عرب نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران مسلم ممالک کے درمیان ممکنہ تصادم کو روکنے کے لیے مشترکہ سفارتی کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ اتفاق رائے وزیر اعظم شہباز شریف کے سعودی عرب کے مختصر مگر اہم دورے کے دوران ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں سامنے آیا۔
وزیر اعظم کے ہمراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی سعودی عرب گئے، جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ دوران ملاقات مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور اس کے ممکنہ اثرات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق دونوں ممالک اس بات پر متفق ہوئے کہ موجودہ صورتحال فوری سفارتی کوششوں کی متقاضی ہے تاکہ کشیدگی میں اضافہ نہ ہو اور تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : آرمی چیف کی جنگی لباس میں سعودی ولی عہد سے ملاقات، مکمل دفاعی یکجہتی کا عملی اظہار
پاکستانی وفد نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مملکت کی خودمختاری اور سلامتی کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔
ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ سعودی عرب اسلامی دنیا میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے اور اسلام کے مقدس مقامات کے محافظ کے طور پر اس کی سلامتی پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد نے پاکستانی وفد کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ بھی دیا، جس میں صرف وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر شریک تھے۔
دونوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ مسلم دنیا کے اتحاد کو مضبوط بنانے اور کشیدگی کو کم کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








