پاکستان میں عیدالفطر سے قبل فائیو جی سروس شروع ہونے کا امکان

Big Good News for Mobile Phone Users Before Eid
پاکستان میں عیدالفطر سے قبل فائیو جی سروس متعارف کروائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے تیاریاں تیز کر دی ہیں اور ٹیلی کام کمپنیوں کو جلد لائسنس جاری کیے جانے کی توقع ہے۔ فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے بعد پی ٹی اے نے لائسنس جاری کرنے کا عمل تقریباً مکمل کر لیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ضروری دستاویزات اور لائسنس کی تیاری پہلے ہی مکمل کی جا چکی ہے۔ اگر تمام مراحل بروقت مکمل ہو گئے تو موبائل صارفین کو عیدالفطر سے پہلے ہی جدید فائیو جی سروس مل سکتی ہے۔
پی ٹی اے نے ٹیلی کام کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ لائسنس کے حصول کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کریں۔ اس عمل کے تحت کمپنیوں کو 15 ملین ڈالر کی بینک گارنٹی بھی جمع کروانا ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ایک کمپنی اپنی بینک گارنٹی جمع کروا چکی ہے جبکہ دیگر کمپنیوں سے بھی جلد یہ مرحلہ مکمل ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔
حکام اس بات پر بھی غور کر رہے ہیں کہ تینوں بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کو ایک ہی وقت میں فائیو جی لائسنس جاری کیے جائیں۔ اس طرح تمام آپریٹرز بیک وقت سروس کا آغاز کر سکیں گے۔ کمپنیوں نے ابتدائی تیاریوں کا عمل بھی شروع کر دیا ہے تاکہ لائسنس ملتے ہی نیٹ ورک فعال کیا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے ہیڈ کوارٹر میں فائیو جی لائسنس کے اجرا کے لیے ایک باضابطہ تقریب منعقد کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ اگر منصوبہ کامیاب رہا تو پاکستان میں موبائل انٹرنیٹ کی رفتار اور معیار میں نمایاں بہتری آئے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












