جنگ ختم ہونے کے بعد بھی آبنائے ہرمز کی بحالی میں مہینوں لگ سکتے ہیں، ماہرین

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ اگر فوری طور پر ختم بھی ہو جائے تو آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر دوبارہ فعال ہونے میں ایک سے تین ماہ تک کا وقت لگ سکتا ہے۔
ایران کے خلاف جاری جنگ نے عالمی معیشت کو شدید دباؤ میں ڈال دیا ہے۔ یہ اہم سمندری راستہ دنیا کے تقریباً بیس فیصد تیل کی ترسیل کا ذریعہ ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ عالمی توانائی منڈیوں پر فوری اثر ڈالتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آج ہی جنگ ختم ہو جائے تب بھی آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بحال ہونے میں ایک سے تین ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں پٹرول کی اوسط قیمت بڑھ کر تین ڈالر ستر سینٹ فی گیلن تک پہنچ گئی ہے، جو جنگ شروع ہونے کے بعد چوبیس فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
امریکی توانائی کے وزیر کرس رائٹ نے اس معاشی دباؤ کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ مختصر مدت کی تکلیف برداشت کرنا بہتر ہے بجائے اس کے کہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت دی جائے۔
ماہرین کے مطابق جنگ کے دوران آبنائے ہرمز میں گزرنے والے جہازوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے اور اس راستے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے لیے درجنوں جہازوں کو بحفاظت گزارنے کے علاوہ بندرگاہی تنصیبات کی مرمت بھی ضروری ہوگی۔ اسی وجہ سے تیل کی ترسیل کو معمول پر آنے میں وقت لگ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ کی آبنائے ہرمز کھولنے کی کوششیں، مغربی اتحادیوں کو سخت پیغام، چین سے بھی مدد کی اپیل
توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگ جتنی طویل ہوگی اس کے اثرات عام شہریوں پر اتنے ہی زیادہ پڑیں گے۔ تیل کی قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف پیٹرول مہنگا ہوتا ہے بلکہ اس کے اثرات ٹرانسپورٹ، ہوائی سفر اور خوراک سمیت مختلف شعبوں پر پڑتے ہیں۔
فضائی سفر کے شعبے میں بھی ایندھن کی بڑھتی قیمتوں نے خدشات پیدا کر دیئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر جیٹ ایندھن مہنگا ہوا تو فضائی ٹکٹوں کی قیمتیں بھی جلد بڑھ سکتی ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر مسافروں کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے سفر کی منصوبہ بندی پہلے سے کر لیں۔
خوراک کی قیمتوں پر بھی اس جنگ کے اثرات مرتب ہونے لگے ہیں۔ ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھنے سے سبزی، گوشت اور دودھ جیسی اشیاء مہنگی ہو سکتی ہیں کیونکہ ان اشیاء کو طویل عرصے تک ذخیرہ کرنا ممکن نہیں ہوتا۔
معاشی ماہرین کے مطابق خلیج کے خطے میں پیدا ہونے والا بحران صرف مقامی مسئلہ نہیں بلکہ اس کے اثرات پوری دنیا کی معیشت پر پڑتے ہیں۔ آبنائے ہرمز یا خلیجی تیل کے بنیادی ڈھانچے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ عالمی منڈیوں میں فوری عدم استحکام پیدا کر دیتی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











