موٹرسائیکل سواروں کیلئے خوشخبری؛ عدالت کا بڑا فیصلہ

Good News for Motorcyclists; Court Issues Major Decision
اسلام آباد ہائیکورٹ نے موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ لگانے کے معاملے پر طلبا کو ریلیف دینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
عدالت نے واضح کیا ہے کہ طلبا کو اس سلسلے میں غیر ضروری طور پر تنگ نہ کیا جائے۔ یہ ہدایات اس درخواست کی سماعت کے دوران دی گئیں جس میں موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ لگانے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ لگانے کی ضرورت کیوں پیش آئی۔ اسٹیٹ کونسل نے عدالت کو بتایا کہ ماضی میں کچہری میں ہونے والے دھماکے کے بعد سکیورٹی خدشات پیدا ہوئے تھے۔ اس واقعے میں مبینہ طور پر موٹر سائیکل استعمال ہوئی تھی، جس کے بعد سکیورٹی کو مزید سخت بنانے کے لیے یہ اقدام تجویز کیا گیا۔
سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کا مقصد شہر میں سکیورٹی کو بہتر بنانا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔ تاہم عدالت نے اس معاملے میں طلبا کے مسائل کو بھی مدنظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ شہریوں کی حفاظت اہم ہے، لیکن اس کے ساتھ عوام کو بلاوجہ مشکلات میں نہیں ڈالنا چاہیے۔
عدالت نے ہدایت کی کہ طلبا کو خصوصی ریلیف دیا جائے اور ان کے ساتھ کسی قسم کی ہراسانی نہ کی جائے۔ اسٹیٹ کونسل نے عدالت کو یقین دہانی کروائی کہ عدالتی احکامات سے چیف کمشنر اور متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا جائے گا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے انتظامیہ کو اس معاملے پر تفصیلی جواب جمع کروانے کا بھی حکم دیا ہے۔ آئندہ سماعت پر حکام اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










