حکومت کا موٹر سائیکل اور رکشے والوں کیلئے سبسڈی دینے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے کفایت شعاری اقدامات کے نتیجے میں بچنے والی تئیس ارب روپے کی رقم عوام کو سبسڈی کی صورت میں دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے لاکھوں موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
وفاقی حکومت نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کم کرنے کے لیے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے کفایت شعاری پالیسی سے بچنے والی تئیس ارب روپے کی رقم عوام کو سبسڈی کی صورت میں دینے کا اعلان کیا ہے۔
یہ فیصلہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کے اجلاس میں سامنے آیا، جہاں سیکریٹری پٹرولیم نے کمیٹی کو اس حوالے سے تفصیلی آگاہی دی۔
سیکریٹری پٹرولیم نے بتایا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس رقم کو موٹر سائیکل اور رکشہ رکھنے والے افراد کے لیے سبسڈی کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : موٹرسائیکل سواروں کیلئے خوشخبری؛ عدالت کا بڑا فیصلہ
حکام کے مطابق ملک بھر میں تقریباً تین کروڑ دو پہیہ اور تین پہیہ گاڑیاں موجود ہیں، جن کے مالکان کو اس سبسڈی سے فائدہ پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔
حکام کے مطابق سبسڈی کی تقسیم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا کی بنیاد پر کی جائے گی تاکہ مستحق افراد تک یہ امداد پہنچائی جا سکے۔ اس مقصد کے لیے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اور پٹرولیم ڈویژن نے ابتدائی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔
حکام کے مطابق یہ سبسڈی اسی طرز پر دی جائے گی، جس طرح ماضی میں عالمی وباء کورونا کے دوران عوام کو مالی امداد فراہم کی گئی تھی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عام شہریوں کو بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اثرات سے کچھ حد تک تحفظ فراہم کرنا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










