اسرائیل مسجد اقصیٰ کو نقصان پہنچا کر الزام ایران پر ڈالے گا، ایرانی اسپیکر

ایرانی کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کا کہنا ہے کہ اسرائیل مسجد اقصیٰ کو نقصان پہنچانے کے لیے ایک جھوٹا حملہ کروا کر اس کا الزام ایران پر ڈالے گا۔
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ اسرائیل مسجد اقصیٰ کو نشانہ بنانے کے لئے ایک جھوٹا حملہ کرانے کی کوشش کر سکتا ہے تاکہ اس کا الزام ایران یا مزاحمتی قوتوں پر ڈالا جا سکے۔
انہوں نے ایک ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ اسرائیلی حکومت اپنے خفیہ منصوبوں کے تحت مسجد اقصیٰ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر سکتی ہے۔
قالیباف نے کہا کہ مسلم دنیا کو ایسے ممکنہ منصوبوں کے بارے میں چوکس رہنا چاہیے اور کسی بھی جھوٹے حملے یا سازش کے خلاف ہوشیار رہنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجرمانہ اسرائیلی حکومت اپنے خطرناک مقاصد کے حصول کے لیے مقدس مسجد اقصیٰ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر سکتی ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے مسلم دنیا سے اپیل کی کہ وہ متحد رہے اور ہر لمحہ ایسے اقدامات کے لیے تیار رہے، جن کے ذریعے کسی بھی ممکنہ سازش کا مقابلہ کیا جا سکے۔
اپنے بیان میں انہوں نے اسرائیل کے ایک سرکاری سماجی رابطے کے صفحے کی چند پوسٹوں کے اسکرین شاٹس بھی شامل کئے، جن میں مسجد اقصیٰ کے قریب میزائلوں کے گرنے کے حوالے سے دعوے کئے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کا تیل ذخائر پر اسرائیلی حملوں کو جنگی جرم قرار دینے کا مطالبہ
ان پوسٹوں میں کہا گیا تھا کہ ایران رمضان کے مہینے میں القدس کی طرف میزائل داغ رہا ہے، جو اربوں مسلمانوں کے لیے مقدس شہر ہے اور مسجد اقصیٰ کے اوپر سے گزر رہے ہیں۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کے بیانات ممکنہ طور پر ایک ایسے منصوبے کی طرف اشارہ کرتے ہیں، جس کے تحت مسجد اقصیٰ پر حملہ کر کے اس کا الزام ایران پر ڈالنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔
اس سے قبل ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نے بھی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ایران کی وزارت اطلاعات کے ایک باخبر عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل مسجد اقصیٰ کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا سکتا ہے۔
اس عہدیدار کے مطابق ممکنہ منصوبے کے تحت ڈرونز یا میزائلوں کے ذریعے مسجد کے احاطے کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے تاکہ اس کا الزام ایران اور مزاحمتی گروہوں پر ڈالا جائے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اس طرح کی کارروائی کا مقصد عرب اور مسلم عوامی رائے کو ایران اور مزاحمتی محور کے خلاف بھڑکانا ہو سکتا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق اس قسم کی کسی بھی کارروائی کا مقصد عالمی مسلم برادری میں ایران کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو کمزور کرنا بھی ہو سکتا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












