منگل، 17-مارچ،2026
منگل 1447/09/28هـ (17-03-2026م)

بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فیڈرل کانسٹیبلری کی تعیناتی کا اعلان

17 مارچ, 2026 15:13

بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے فیڈرل کانسٹیبلری کی خدمات حاصل کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت ہزاروں اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔

کوئٹہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی اور صوبائی اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، افغان مہاجرین کی واپسی، حوالہ ہنڈی، بھتہ خوری اور اسمگلنگ جیسے اہم معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان میں امن کے قیام کیلئے فیڈرل کانسٹیبلری کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں فیڈرل کانسٹیبلری کے دو ونگز پر مشتمل تقریباً تین ہزار اہلکار صوبے کے مختلف علاقوں میں تعینات کئے جائیں گے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے کو مزید فعال بنایا جائے گا اور اس میں خالی آسامیوں پر مقامی افراد کی بھرتی کی جائے گی تاکہ مقامی سطح پر بہتر کارکردگی حاصل کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں سرکاری گاڑیوں کیلئے ایندھن کی فراہمی 50 فیصد کم کر دی گئی

اس کے علاوہ حکومت بلوچستان اور وفاقی حکومت نے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

اعلامیے کے مطابق ریاست کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیوں کو تیز کیا جائے گا، جبکہ وفاقی حکومت نے بلوچستان حکومت کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کیلئے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری قوت اور عزم کے ساتھ اقدامات جاری ہیں اور یہ جنگ صرف سکیورٹی فورسز نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور اب صوبے میں حالات پہلے سے بہتر ہو چکے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔