وفاقی وزیر داخلہ کا سائبر کرائم اور آن لائن فراڈ کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم

وفاقی وزیر داخلہ نے این سی سی آئی اے سینٹرل زون ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور سائبر کرائم کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے این سی سی آئی اے سینٹرل زون کے ہیڈ کوارٹرز کا تفصیلی دورہ کیا اور سائبر کرائمز کے خلاف جاری آپریشنز اور تحقیقات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
دورے کے دوران انہوں نے شکایتی سیل، فرانزک لیبارٹری اور انویسٹی گیشن ونگ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں آن لائن مالیاتی فراڈ اور شہریوں کو ہراساں کرنے کے مکروہ دھندے کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
محسن نقوی نے دوٹوک الفاظ میں ہدایت کی کہ آن لائن فراڈ اور جعلی اکاؤنٹس چلانے والوں کے خلاف بلا امتياز سخت ترین کارروائی کی جائے اور سائبر کرائم کرنے والا کوئی بھی شخص ہو، اسے قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی میں رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، تین بھتہ خور گرفتار
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ مالیاتی فراڈ کی شکایت ملنے پر فوری رسپانس کا نظام انتہائی مؤثر بنایا جائے تاکہ ہر شکایت پر بروقت پیش رفت نظر آئے اور شہریوں کو مہینوں تک انتظار نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے زیر التوا مقدمات اور شکایات میں پائی جانے والی غیر ضروری تاخیر کو فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سائبر کرائم کا مقابلہ صرف جدید ٹیکنالوجی اور تربیت یافتہ افرادی قوت کے ذریعے ہی ممکن ہے، اور اس ادارے کو پاکستان کی حقیقی سائبر پولیس بنانا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ شہریوں کے ذاتی ڈیٹا، پرائیویسی اور ان کے مالی مفادات کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ اجلاس میں ڈی جی این سی سی آئی اے نے سینٹرل زون کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی، جس پر وزیر داخلہ نے سائبر کرائم سے بچاؤ کے لیے عوامی آگاہی مہم کو بھی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









