جمعہ، 20-مارچ،2026
جمعہ 1447/10/01هـ (20-03-2026م)

عرب اور اسلامی ممالک کا ہنگامی وزرائے خارجہ اجلاس، ایران سے فوری حملے روکنے کا مطالبہ

19 مارچ, 2026 14:31

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں 12 اہم عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے ایک ہنگامی مشاورتی اجلاس کے بعد ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خطے کے ممالک پر اپنے حملے فوری طور پر بند کرے۔

سعودی عرب کی میزبانی میں ریاض میں منعقد ہونے والے عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں خطے کی بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

اجلاس کے بعد جاری ہونے والے ایک جامع اعلامیے میں پاکستان، سعودی عرب، آذربائیجان، بحرین، مصر، اردن، کویت، لبنان، قطر، شام، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے ایران کی جانب سے خلیجی ممالک، اردن، آذربائیجان اور ترکیہ پر کیے جانے والے حالیہ حملوں کی پرزور مذمت کی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایران کی جانب سے شہری علاقوں، تیل کی تنصیبات، پانی صاف کرنے کے پلانٹس، ہوائی اڈوں اور سفارتی عمارتوں پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے کئے جانے والے حملے کسی بھی طور قابلِ قبول نہیں ہیں۔

وزرائے خارجہ نے واضح کیا کہ ان حملوں کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا اور متاثرہ ریاستوں کو اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیں : صبر کی حد ہوتی ہے، ایرانی حملے مزید برداشت نہیں، جوابی کارروائی کرسکتے ہیں، سعودی عرب

مشترکہ بیان میں ایران پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کے احترام کو یقینی بنائے اور کشیدگی میں کمی لانے کے لیے فوری طور پر اپنی فوجی کارروائیاں روک دے۔

اعلامیے میں تہران کو متنبہ کیا گیا ہے کہ اس کے ساتھ مستقبل کے تعلقات کا انحصار ریاستوں کی خود مختاری کے احترام اور اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر ہوگا۔

اعلامیے میں اسرائیل کی جانب سے لبنان پر کئے جانے والے حملوں کی بھی مذمت کی گئی اور لبنان کی سلامتی، استحکام اور علاقائی سالمیت کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔

وزرائے خارجہ نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ سلامتی کونسل کی حالیہ قرارداد پر مکمل عملدرآمد کرے اور آبنائے ہرمز یا باب المندب میں عالمی جہاز رانی کے لیے خطرہ پیدا کرنے والے اقدامات سے گریز کرے۔

شریک ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ خطے کے امن کو برقرار رکھنے کے لیے باہمی مشاورت اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے تاکہ کسی بھی قسم کی بیرونی جارحیت کا متحدہ طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔