ہفتہ، 21-مارچ،2026
ہفتہ 1447/10/02هـ (21-03-2026م)

بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام میں شمولیت کیلئے شرائط اور رجسٹریشن کا آسان طریقہ کار سامنے آگیا

21 مارچ, 2026 11:27

حکومت کی جانب سے طلبہ کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام کو مزید بہتر بنا دیا گیا ہے۔

اس پروگرام کے تحت اب پرائمری سے لے کر انٹرمیڈیٹ تک کے بچوں کو باقاعدگی سے مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ یہ رقم ہر تین ماہ بعد دی جائے گی تاکہ والدین اپنے بچوں کی تعلیمی ضروریات آسانی سے پوری کر سکیں۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے اس اسکیم کے لیے نئے قواعد اور طریقہ کار بھی جاری کر دیے ہیں۔ پروگرام میں شامل ہونے کے لیے ضروری ہے کہ بچے کی والدہ پہلے سے بینظیر کفالت پروگرام کا حصہ ہو۔ اس کے ساتھ بچے کا نادرا سے جاری کردہ ب فارم ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

عمر کی حد بھی واضح کر دی گئی ہے۔ پرائمری سطح کے لیے بچوں کی عمر 4 سے 12 سال مقرر ہے۔ سیکنڈری سطح کے لیے 8 سے 18 سال جبکہ ہائیر سیکنڈری یعنی انٹرمیڈیٹ کے لیے 13 سے 22 سال کی عمر رکھی گئی ہے۔ ان شرائط پر پورا اترنے والے بچے ہی اس پروگرام سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

رجسٹریشن کا طریقہ کار بھی آسان رکھا گیا ہے۔ والدین کو اپنے بچے اور اس کے ب فارم کے ساتھ قریبی بی آئی ایس پی تحصیل دفتر جانا ہوگا۔ وہاں سے ایک انرولمنٹ سلپ حاصل کی جائے گی۔ اس سلپ کو بچے کے اسکول لے جا کر ہیڈ ماسٹر یا ٹیچر سے تصدیق کروانا ضروری ہے۔ اس کے بعد مکمل فارم دوبارہ دفتر میں جمع کروانے پر وظیفہ جاری کر دیا جائے گا۔

حکومت نے خاص طور پر بچیوں کی تعلیم کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کے وظیفے کی رقم زیادہ رکھی ہے۔ پرائمری سطح پر بچیوں کو 3 ہزار جبکہ لڑکوں کو 2500 روپے ملیں گے۔ اسی طرح سیکنڈری سطح پر بچیوں کے لیے 4 ہزار اور لڑکوں کے لیے 3500 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔ ہائیر سیکنڈری سطح پر بچیوں کو 5 ہزار جبکہ لڑکوں کو 4500 روپے دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پرائمری مکمل کرنے والی بچیوں کے لیے 3 ہزار روپے کا خصوصی بونس بھی رکھا گیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔