خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا فیصلہ، سرکاری گاڑیوں میں ہائی آکٹین کے استعمال پر پابندی

خیبرپختونخوا حکومت نے ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے پیشِ نظر تمام سرکاری گاڑیوں میں ہائی آکٹین کے استعمال پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔
خیبرپختونخوا کی حکومت نے صوبے میں کفایت شعاری مہم کے تحت ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے تمام سرکاری گاڑیوں میں ہائی آکٹین فیول کے استعمال پر مکمل پابندی لگا دی ہے۔
محکمہ انتظامی امور خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، یہ فیصلہ ایندھن کی قیمتوں میں حالیہ ہوشربا اضافے اور سرکاری اخراجات میں کمی لانے کے لیے کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور آئندہ کسی بھی سرکاری گاڑی کے لیے ہائی آکٹین فیول کی خریداری سرکاری خزانے سے نہیں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں کچرے سے ایندھن بنانے کا منصوبہ منظور
اگر کسی افسر یا صارف کے لیے ہائی آکٹین کا استعمال ناگزیر ہو گا، تو وہ اس کی ادائیگی اپنی جیب سے کرنے کا پابند ہو گا۔
حکومت نے تمام پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسرز اور اداروں کے سربراہان کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ اس فیصلے پر حرف بہ حرف عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ حکام جوابدہ ہوں گے۔
اس اقدام کا مقصد سرکاری وسائل کے ضیاع کو روکنا اور عوام پر پڑنے والے معاشی بوجھ کو کم کرنے میں حکومتی حصہ ڈالنا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










