جمعرات، 26-مارچ،2026
جمعرات 1447/10/07هـ (26-03-2026م)

اقوام متحدہ کی مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے نئی کوششوں کا آغاز، خصوصی ایلچی مقرر

26 مارچ, 2026 10:13

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مشرق وسطیٰ کے بحران کو حل کرنے اور امن کی کوششوں کیلئے تجربہ کار فرانسیسی سفارت کار جین ارناؤلٹ کو اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کر دیا ہے۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مشرق وسطیٰ میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ تجربہ کار فرانسیسی سفارت کار جین ارناؤلٹ کو ان کا ذاتی ایلچی مقرر کیا گیا ہے، جو خطے میں جاری تنازع اور اس کے دور رس نتائج سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں کی قیادت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی سفارت کاری نے مودی سرکار کو پچھاڑ دیا، بھارتی جریدے دی وائر کا اعتراف

انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ جین ارناؤلٹ وہ تمام کام زمین پر رہ کر کریں گے، جو وہ خود نیویارک سے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ تمام متعلقہ فریقین سے رابطے میں رہیں گے اور جنگ کے عام شہریوں پر اثرات کے ساتھ ساتھ عالمی معاشی ابتری کا بھی جائزہ لیں گے، جو خاص طور پر کم ترقی یافتہ ممالک کو متاثر کر رہی ہے۔

سیکریٹری جنرل نے متنبہ کیا کہ ایران کے خلاف جنگ اب قابو سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے خاص طور پر آبنائے ہرمز کی طویل بندش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے تیل، گیس اور کھاد کی نقل و حمل رک گئی ہے، جو کہ دنیا بھر میں فصلوں کی بوائی کے اہم سیزن میں عالمی غذائی تحفظ کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔

جین ارناؤلٹ بین الاقوامی سفارت کاری میں 30 سال سے زائد کا تجربہ رکھتے ہیں اور وہ افریقہ، ایشیا، یورپ اور لاطینی امریکہ میں اقوام متحدہ کے امن مشنز کی قیادت کر چکے ہیں۔ ان کی تقرری کا مقصد سفارتی حل تلاش کرنا اور خطے میں انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے ایک ٹھوس بنیاد فراہم کرنا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔