بدھ، 26-اگست،2026
بدھ 1448/03/13هـ (26-08-2026م)

سانحہ پمز؛ زندہ بچ جانے والی واحد نومولود کی خالہ کے ہوشربا انکشافات

26 اگست, 2026 14:45

اسلام آباد کے پمز اسپتال میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے کے بعد زندہ بچ جانے والی واحد نومولود کی خالہ نے انتظامیہ کے دعوے پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

 خاتون نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بچی کو کسی ڈاکٹر نے نہیں بلکہ انہوں نے خود آگ سے نکالا تھا۔ آگ لگنے کے وقت وہ اسپتال میں موجود تھیں۔ جیسے ہی انہیں وارڈ میں آگ لگنے کا علم ہوا، وہ فوری طور پر وہاں پہنچیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی دوران ایک لیڈی ڈاکٹر وارڈ سے باہر آتی دکھائی دیں۔ انہوں نے ڈاکٹر سے پوچھا کہ اندر کیا ہوا ہے، جس پر ڈاکٹر نے مبینہ طور پر آگ لگنے کی اطلاع دی اور کسی مرد کو بلانے کا کہا۔

خاتون کے مطابق انہیں معلوم تھا کہ ان کی بہن کی نومولود بچی وارڈ کے اندر موجود ہے۔ وہ فوراً اندر داخل ہوئیں اور بچی کو اٹھا لیا۔ اس دوران آگ کی لپیٹ سے ان کے بال اور کندھا بھی متاثر ہوا، تاہم انہوں نے بچی کو اپنی حفاظت میں لے کر وہاں سے نکلنے کی کوشش کی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جس وقت وہ وارڈ میں داخل ہوئیں، وہاں کوئی ڈاکٹر موجود نہیں تھا۔ طبی عملہ اپنی جان بچانے کے لیے باہر نکل چکا تھا۔ خاتون نے ایک مرد ڈاکٹر کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وہ بھی وہاں سے چلے گئے تھے۔

بچی کی خالہ نے بتایا کہ ان کی بہن کا آپریشن ہوا تھا۔ واقعے کے دوران انہوں نے اپنی بہن اور نومولود بچی کو سنبھالا اور وہاں سے باہر نکل آئیں۔ آگ تیزی سے پھیل رہی تھی، اس لیے اس وقت سب سے اہم مقصد بچی کو محفوظ مقام تک پہنچانا تھا۔

خاتون نے پمز انتظامیہ کے رویے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے مختلف باتیں کی جارہی ہیں۔ کبھی کہا جاتا ہے کہ انہوں نے غلط بچی اٹھائی ہے، جبکہ کبھی یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ بچی کو کسی نرس نے باہر نکالا تھا۔ خاتون نے اس دعوے کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ وارڈ میں داخل ہوئیں تو انہیں وہاں کوئی نرس نظر نہیں آئی۔

دوسری جانب پمز انتظامیہ کی جانب سے پہلے بتایا گیا تھا کہ آگ لگنے کے وقت نرسری میں 16 نومولود موجود تھے۔ انتظامیہ کے مطابق ایک لیڈی ڈاکٹر نے ایک بچی کو بچا لیا جبکہ باقی 15 نومولود جاں بحق ہوگئے۔ تاہم اب بچ جانے والی بچی کی خالہ کے بیان نے واقعے کے دوران ہونے والی امدادی کارروائیوں سے متعلق نئے سوالات پیدا کردیے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق پمز اسپتال کی نرسری میں آگ صبح تقریباً 6 بج کر 45 منٹ پر لگی۔ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ ایئرکنڈیشن کمپریسر پھٹنے کو بتایا گیا تھا۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور بعد میں کولنگ کا عمل مکمل کیا گیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔