پنجاب کی سیاست میں حمزہ شہباز کا اچانک متحرک، بلدیاتی انتخابات پر اندرونی کشمکش نمایاں

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی اچانک سیاسی سرگرمیوں نے پنجاب کی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے، جسے ماہرین مریم نواز کی حکومت کے متوازی ایک نئی صف بندی کی کوشش قرار دے رہے ہیں۔
پاکستان کی حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے اندرونی معاملات میں ان دنوں ایک نئی انگڑائی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز، جو عام انتخابات کے بعد سے سیاسی منظر نامے سے تقریباً غائب تھے، اب اچانک پنجاب میں غیر معمولی طور پر متحرک ہو گئے ہیں۔
وہ نہ صرف صوبے کے مختلف اضلاع کے صدور سے ملاقاتیں کر رہے ہیں بلکہ لاہور میں یونین کونسل کی سطح تک جا کر پارٹی کارکنوں سے براہِ راست رابطے کر رہے ہیں۔
حمزہ شہباز کی ٹیم ان ملاقاتوں کی سوشل میڈیا پر بھرپور تشہیر بھی کر رہی ہے، جس سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ وہ کسی بڑے سیاسی مقصد کے لیے میدان میں اترے ہیں۔
حمزہ شہباز کے ترجمان عمران گورائیہ کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کہیں غائب نہیں تھے بلکہ اب ان کی ملاقاتوں میں وسعت لائی گئی ہے تاکہ نچلی سطح پر کارکنوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور پنجاب میں نون لیگ کی حکومت ہونے کے باوجود کارکنوں میں یہ احساس پایا جا رہا تھا کہ ان کی بات نہیں سنی جا رہی، جسے ختم کرنے کے لیے حمزہ شہباز خود میدان میں آئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب حکومت کا الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز بڑھانے کا فیصلہ
دوسری جانب بعض سیاسی حلقوں کا خیال ہے کہ حمزہ شہباز پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے فوری انعقاد کے حق میں ہیں تاکہ پارٹی کو نچلی سطح پر مضبوط کیا جا سکے، تاہم مریم نواز کی زیرِ قیادت صوبائی حکومت فی الحال بلدیاتی الیکشن کے لیے تیار نظر نہیں آتی۔
سیاسی حلقوں میں یہ بحث بھی زور پکڑ رہی ہے کہ حمزہ شہباز مسلم لیگ ن پنجاب کی صدارت حاصل کرنا چاہتے ہیں، جو اس وقت رانا ثناء اللہ کے پاس ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ مریم نواز اگر اپنی مستقبل کی سیاست کے لیئے وفاق کا رخ کرتی ہیں تو حمزہ شہباز اپنے لیئے ابھی سے پارٹی پر گرفت مضبوط رکھنا چاہتے ہیں۔
کچھ ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ حمزہ شہباز کو وفاق میں کوئی انتہائی اہم ذمہ داری دی جا رہی ہے اور حالیہ سرگرمیاں اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔
اگرچہ تاحال صورتحال مکمل واضح نہیں ہے، لیکن حمزہ شہباز کی یہ اچانک فعالیت اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ مسلم لیگ ن کے اندر طاقت کے توازن اور سیاسی مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلے ہونے والے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









