سندھ میں ایمرجنسی سروسز کیلئے 30 ارب روپے منظور، نئی خود مختار اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ

وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں ایمرجنسی سروسز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تیس ارب روپے سے زائد کے بڑے منصوبے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت تمام اداروں کو ایک متحد اتھارٹی کے تحت لایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت ایمرجنسی سروسز سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں ہنگامی خدمات کے نظام کو مکمل طور پر تبدیل کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری، صوبائی وزراء اور میئر کراچی سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے ہنگامی خدمات کی جدید کاری اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی کے لیے تیس ارب اسی کروڑ روپے کے ایک خطیر منصوبے کی منظوری دی ہے، جس کا بنیادی مقصد تمام ہنگامی اداروں کو ایک ہی چھتری تلے لاکر ایک متحد اور خود مختار اتھارٹی قائم کرنا ہے۔
اس نئے منصوبے کے تحت ریسکیو گیارہ بائیس، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، سول ڈیفنس اور ایمرجنسی ہیلتھ سروسز کو یکجا کر دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ میں کچے کی زمینیں بیواؤں اور ضرورت مند خواتین کو الاٹ کرنے کا فیصلہ
حکومت سو نئے فائر ٹرکس، جدید اسنارکلز، ایریل سیڑھیاں، ڈرونز، فائر بائیکس اور ہر قسم کے راستوں پر چلنے والی گاڑیاں خریدے گی۔
مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ہائی رسک عمارتوں میں فوری طور پر فائر سیفٹی کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک صوبے بھر میں بارہ سو سے زائد ٹیموں کے ذریعے تین ہزار تین سو چالیس عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ مکمل کیا جا چکا ہے، جس کے نتیجے میں ہائی رسک عمارتوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔
قوانین کی خلاف ورزی پر تین ہزار سے زائد نوٹسز جاری کیے گئے ہیں اور کئی خطرناک عمارتوں کو سیل بھی کر دیا گیا ہے۔
اس نئے نظام کو قانونی شکل دینے کے لیے ایڈووکیٹ جنرل کی سربراہی میں ایک پانچ رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جو ضروری قانون سازی کرے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے نہ صرف اداروں کی کارکردگی بڑھے گی بلکہ حادثات کی صورت میں امدادی کارروائیوں کا وقت بھی کم ہو جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









