حکومت مشکل گھڑی میں عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گی، وزیراعظم

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بوجھ سے عوام کو نکالنے کے لیے ایک سو انتیس ارب روپے کا خطیر ریلیف پیکج دے چکے ہیں، عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی کے نفاذ اور ایندھن کے ذخائر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گی اور گزشتہ تین ہفتوں کے دوران اب تک ایک سو انتیس ارب روپے کا عوامی ریلیف پیکج دیا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو براہ راست فائدہ پہنچانے کے لیے پیٹرول لیوی میں اسی روپے فی لیٹر کی فوری کمی کا حکم دیا تاکہ ایندھن کی قیمتوں کا بوجھ کم کیا جا سکے۔
ٹرانسپورٹ کے شعبے کے لیے بڑے ریلیف سے متعلق وزیراعظم نے بتایا کہ مسافر بسوں کو ایک لاکھ روپے جبکہ منی بسوں اور ویگنوں کو چالیس ہزار روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب کی سیاست میں حمزہ شہباز کا اچانک متحرک، بلدیاتی انتخابات پر اندرونی کشمکش نمایاں
اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام لانے اور مال برداری کے اخراجات کم کرنے کے لیے ٹرکوں کو ستر ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ان رقوم کی فراہمی ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کرنے کی ہدایت کی، جس کا آغاز گزشتہ روز سے ہو چکا ہے۔
انہوں نے بلوچستان حکومت کی جانب سے قومی پیکج کے لیے طے شدہ رقم بروقت جمع کروانے کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ دیگر صوبے بھی جلد اپنی رقوم جمع کروا دیں گے۔
ریلوے کے شعبے میں بھی چھ ارب روپے کی سبسڈی کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت مسافر ٹرینوں اور مال گاڑیوں کے کرایوں میں کسی بھی قسم کا اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ، وزیراعظم نے ٹول ٹیکس میں پچیس فیصد سہ ماہی اضافے کا فیصلہ بھی فوری طور پر واپس لے لیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی تمام تر توانائیاں عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر صرف کر رہی ہے اور جہاں تک ممکن ہو سکے گا، ایسے اقدامات جاری رہیں گے تاکہ عام آدمی کی زندگی کو آسان بنایا جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










