جمعہ، 10-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/22هـ (10-04-2026م)

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں آبنائے ہرمز پر رائے شماری آج ہوگی

07 اپریل, 2026 09:51

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں آج آبنائے ہرمز کی صورتحال پر ایک اہم قرارداد پیش کی جا رہی ہے، جس کا مقصد عالمی بحری گزرگاہ میں جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں آج ایک ایسی قرارداد پر رائے شماری ہونے جا رہی ہے، جو ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی دھمکیوں اور تجارتی جہازوں پر حملوں کے تناظر میں تیار کی گئی ہے۔

اس قرارداد کا مسودہ بحرین نے دیگر خلیجی ممالک کی حمایت سے تیار کیا ہے، جو تیل کی برآمدات کے لیے اس گزرگاہ پر انحصار کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : آبنائے ہرمز نہ کھولا گیا تو ایران کو ایک ہی رات میں پتھر کے دور میں بھیج دیں گے، ٹرمپ

ابتدائی طور پر اس قرارداد میں کسی بھی ملک کو بزور طاقت آبنائے ہرمز کھلوانے کا واضح اختیار دینے کی تجویز شامل تھی، تاہم بڑی طاقتوں کی جانب سے ویٹو کے خدشے کے پیش نظر اب اس کے متن کو کافی حد تک نرم کر دیا گیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق قرارداد کے تازہ مسودے میں ایران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ تجارتی جہازوں پر حملے بند کرے اور عالمی جہاز رانی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے سے باز رہے۔

اب اس میں طاقت کے براہ راست استعمال کے بجائے رکن ممالک کو اس بات پر ابھارا گیا ہے کہ وہ دفاعی نوعیت کی کوششوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں اور تجارتی جہازوں کو اپنی نگرانی میں منزل تک پہنچانے کے لیے حفاظتی اقدامات کریں۔

قرارداد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل ان عناصر کے خلاف مزید اقدامات پر غور کرنے کے لیے تیار ہے، جو بین الاقوامی جہاز رانی کی آزادی کو نقصان پہنچائیں گے۔

یہ اہم ووٹنگ گرین وچ کے معیاری وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے ہوگی، جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے سے محض نو گھنٹے قبل کا وقت ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔