منگل، 25-اگست،2026
منگل 1448/03/12هـ (25-08-2026م)

امریکا نے شام کو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے ممالک کی فہرست سے نکال دیا

25 اگست, 2026 09:45

امریکا نے شام کو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے ممالک کی فہرست سے باضابطہ طور پر نکال کر عائد سخت معاشی پابندیاں ختم کر دیں۔

امریکا نے شام کو ‘دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے ممالک’ کی فہرست سے نکال دیا، جس کے بعد دمشق پر عائد کئی دہائیوں پرانی امریکی اقتصادی پابندیاں ختم ہونے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ خارجہ نے شام کو اس فہرست سے ہٹانے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔

یہ فیصلہ رواں سال کے شروع میں واشنگٹن کی جانب سے کیے گئے اس اعلان کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں امریکی کانگریس کے جائزہ لینے کی شرط کے ساتھ شام کا نام فہرست سے نکالنے کا ارادہ ظاہر کیا گیا تھا۔

اس فہرست میں شامل ہونے کے باعث شام کو غیر ملکی امداد، دفاعی برآمدات اور عالمی مالیاتی نظام تک رسائی میں سخت رکاوٹوں کا سامنا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : کیا ایران امریکی معاشی جنگ میں شامل ہونے والے ممالک پر جوابی کارروائی کرے گا؟

دہشتگردی کی سرپرستی کرنے والے ممالک کی فہرست واشنگٹن کے شدید ترین پابندیوں کے نظام کا ایک اہم حصہ سمجھی جاتی تھی، جس نے شام کو عالمی سطح پر معاشی طور پر الگ تھلگ کر رکھا تھا، تاہم اس فیصلے سے اب شامی معیشت کے لیے مالیاتی گنجائش پیدا ہو سکتی ہے۔

اس فیصلے کے ساتھ ہی امریکی محکمہ خارجہ نے النصرۃ فرنٹ (ہیئۃ تحریر الشام) کو بھی عالمی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے نکال دیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اس حوالے سے یادداشت پر دستخط کر دیئے ہیں، جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شام پر سے پابندیاں اٹھانے کے فیصلے کا تسلسل ہے۔

یہ اہم تبدیلی مئی میں ریاض کے اندر ڈونلڈ ٹرمپ اور شامی عبوری صدر احمد الشرع کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آئی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکا دمشق کی سرگرمیوں پر نظر رکھے گا، جس میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانا اور غیر ملکی مسلح گروہوں بشمول فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کی شام سے بے دخلی شامل ہے۔

امریکی خصوصی نمائندے ٹام بیرک نے بھی تائید کی ہے کہ واشنگٹن دمشق کو اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے پر راغب کر رہا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔