ناران جانے والوں کے لیے بڑی خوشخبری، وادی کا نظارہ 8 ہزار فٹ بلندی سے ہوگا

گرمی میں ناران جانے والے سیاح ہوجائیں تیار، 6 ماہ سے بند ناران شاہراہ کھول دی گئی
خیبر پختونخوا کے خوبصورت سیاحتی مقام ناران میں گرم ہوا کے غبارے کی آزمائشی پرواز کامیابی سے مکمل کرلی گئی، جس کے دوران غبارہ سطح سمندر سے تقریباً 8 ہزار فٹ کی بلندی تک پہنچا۔
ناران میں شروع کی جانے والی اس نئی سیاحتی سرگرمی کے ذریعے ملکی اور غیر ملکی سیاح وادی کے حسین مناظر، بلند پہاڑوں اور قدرتی خوبصورتی کا فضائی نظارہ کرسکیں گے۔
گرم ہوا کے غبارے میں بیک وقت پانچ مسافروں کے سفر کرنے کی گنجائش ہے۔ اسے ایسے ماہرین آپریٹ کر رہے ہیں جنہوں نے ترکیہ میں اس حوالے سے خصوصی تربیت حاصل کی ہے۔
آزمائشی پرواز کا مقصد غبارے کی پرواز، آپریشن اور سیاحوں کے لیے اس سرگرمی کے امکانات کا جائزہ لینا ہے۔ کامیاب آزمائش کے بعد متعلقہ حکام کی جانب سے ناران میں اس سروس کو باقاعدہ طور پر شروع کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔
اگر گرم ہوا کے غبارے کی باقاعدہ سروس شروع کردی جاتی ہے تو ناران آنے والے سیاحوں کو علاقے کے قدرتی حسن سے لطف اندوز ہونے کا ایک منفرد موقع میسر آئے گا۔ سیاح بلند فضا سے وادی، پہاڑوں اور اردگرد کے دلکش مناظر کا نظارہ کرسکیں گے۔
خیبر پختونخوا میں گرم ہوا کے غبارے کے ذریعے سیاحتی سرگرمی کا یہ پہلا تجربہ نہیں۔ اس سے قبل گزشتہ سال بالاکوٹ کے علاقے باسیا میں بھی گرم ہوا کے غبارے کی آزمائشی پرواز کی جاچکی ہے۔
ناران پہلے ہی اپنی قدرتی خوبصورتی، پہاڑوں اور سیاحتی مقامات کے باعث ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔ نئی فضائی تفریح کے آغاز سے علاقے میں سیاحت کو مزید فروغ ملنے اور سیاحوں کے لیے تفریح کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










