پیٹرول پر سبسڈی ’دستک‘ ایپ کے ذریعے کیسے حاصل کریں؟ آسان طریقہ سامنے آگیا

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے موٹر سائیکل اور اسکوٹر مالکان کے لیے بڑا ریلیف دیتے ہوئے “احساس فیول سپورٹ اسکیم” کے تحت ماہانہ 2000 روپے سبسڈی دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے مطابق یہ سبسڈی صوبے بھر کے تمام رجسٹرڈ بائیک اور اسکوٹر صارفین کو دی جائے گی، جس کا مقصد مہنگائی کے دور میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
حکومت نے عوامی سہولت کے پیش نظر بائیک ٹرانسفر فیس بھی معاف کر دی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں۔ حکام کے مطابق سبسڈی کی رقم براہ راست جاز کیش کے ذریعے صارفین کو منتقل کی جائے گی۔
اس اسکیم کے تحت صرف وہی افراد اہل ہوں گے جن کی موٹر سائیکل یا اسکوٹر ان کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہوگا اور تصدیقی عمل مکمل ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ سہولت ابتدائی طور پر ایک ماہ کے لیے فراہم کی جا رہی ہے۔
رجسٹریشن کا طریقہ کار
اسکیم میں شامل ہونے کے لیے صارفین کو “دستک ایپ” ڈاؤن لوڈ کر کے لاگ ان کرنا ہوگا یا نیا اکاؤنٹ بنانا ہوگا۔ اس کے بعد موٹر سائیکل یا اسکوٹر کا رجسٹریشن نمبر اور چیسس نمبر درج کرنا ہوگا۔
درخواست گزار کو شناختی کارڈ، بائیک کارڈ اور گاڑی کی تصاویر اپ لوڈ کرنی ہوں گی، جس کے بعد قریبی سینٹر پر بائیو میٹرک ویریفکیشن مکمل کرنا ضروری ہوگا۔ منظوری کے بعد صارفین کو ماہانہ 2000 روپے سبسڈی ملنا شروع ہو جائے گی۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد نہ صرف عوام کو مالی ریلیف دینا ہے بلکہ رجسٹریشن کے عمل کو بھی فروغ دینا ہے تاکہ غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












