جمعہ، 10-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/22هـ (10-04-2026م)

عالمی میڈیا پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کا معترف، پاکستان کو امن کا ضامن قرار دے دیا

08 اپریل, 2026 13:49

پاکستان کی مؤثر سفارتکاری اور شاندار ملٹری ڈپلومیسی نے اقوامِ عالم کو ایک ہولناک جنگ سے بچا لیا ہے، جس کا اعتراف اب تمام بڑے عالمی ذرائع ابلاغ کر رہے ہیں۔ الجزیرہ، رائٹرز، بی بی سی اور فاکس نیوز سمیت دنیا بھر کے میڈیا ہاؤسز نے پاکستان کے اس مصالحتی کردار کو تاریخی قرار دیتے ہوئے اسے خطے میں امن و استحکام کا سب سے معتبر ضامن قرار دیا ہے۔

عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتکاری کا ڈنکا بج رہا ہے اور دنیا بھر کے ممتاز ذرائع ابلاغ پاکستان کی بہترین حکمت عملی اور کامیاب ڈپلومیسی کا برملا اعتراف کر رہے ہیں۔

عالمی میڈیا کے مطابق پاکستان نے اپنی شاندار ملٹری ڈپلومیسی اور مؤثر رابطوں کے ذریعے دنیا کو ایک ایسی جنگ سے بچا لیا ہے جو عالمی معیشت اور امن کو تباہ کر سکتی تھی۔

عالمی خبر رساں ادارے ’الجزیرہ‘ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان نے حالیہ جنگ کے خاتمے کے لیے بہترین کردار ادا کیا جس کی بدولت صدر ٹرمپ نے حملے روکنے کا اعلان کیا۔

اسی طرح عالمی ایجنسی ’رائٹرز‘ کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان ایک طاقتور اور بااعتماد ثالث کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے ناممکن کو ممکن بنا دیا، عالمی طاقتوں سے رات بھر جاری رہنے والے رابطوں کی تفصیلات

امریکی نیٹ ورک ’فاکس نیوز‘ نے اپنی رپورٹ میں صدر ٹرمپ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے براہ راست بات چیت کے بعد لڑائی کو روکنے کا فیصلہ کیا، جو پاکستان کی عالمی اہمیت کا ثبوت ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ نے تبصرہ کیا کہ پاکستان کئی ہفتوں سے خطے میں امن کے لیے دن رات مصروف تھا اور بالآخر اپنی کوششوں میں کامیاب ہو گیا۔

خلیجی میڈیا ’گالف نیوز‘ کے مطابق پاکستان نے امریکہ اور ایران کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو امن کے لیے بہترین انداز میں استعمال کیا۔

یہاں تک کہ بھارتی جریدے ’دی ہندو‘ نے بھی اپنی روایتی دشمنی کے برعکس وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی انتھک اور مخلصانہ کوششوں کو اجاگر کیا۔

ماہرین کے مطابق یہ کامیابی پاکستان کی اہمیت اور عالمی سطح پر اس کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاس ہے، جس نے ثابت کر دیا کہ پاکستان خطے میں ایک ذمہ دار اور ناگزیر امن پسند ریاست ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔