ایران امریکہ جنگ بندی پر عالمی برادری کا ردعمل اور پاکستان کی ثالثی کا اعتراف

دنیا بھر کی بڑی طاقتوں اور برادر اسلامی ممالک نے ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والی حالیہ جنگ بندی کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے اس سنگ میل کے حصول میں پاکستان کی سفارتی کوششوں اور عسکری قیادت کی بصیرت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے حالیہ جنگ بندی کے اعلانات نے عالمی افق پر امن کی نئی شمع روشن کر دی ہے جس پر دنیا کے طاقتور ترین ممالک اور عالمی اداروں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اس تاریخی پیش رفت میں پاکستان کے کلیدی اور ثالثانہ کردار کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے اپنے ایک باضابطہ بیان میں ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے اعلانات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس تنازع کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں انتہائی قابل ستائش ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ یہ ایک بڑی کامیابی ہے، تاہم پائیدار اور مستقل جنگ بندی کے حصول کے لیے ابھی مزید کام کرنا باقی ہے۔
اسی طرح قازقستان کے صدر نے بھی اس جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس کا سہرا پاکستان کی قیادت کے سر باندھا ہے۔
قازق صدر کا کہنا تھا کہ یہ جنگ بندی وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک ثالثی کی بدولت ممکن ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عالمی میڈیا پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کا معترف، پاکستان کو امن کا ضامن قرار دے دیا
انہوں نے واضح کیا کہ یہ معاہدہ تمام متعلقہ ممالک کی نیک نیتی اور دانشمندی کا ثبوت ہے اور قازقستان یہ امید رکھتا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان یہ جنگ بندی طویل مدت تک برقرار رہے گی تاکہ خطہ ترقی کر سکے۔
برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے بھی رات گئے طے پانے والے اس معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس جنگ بندی کا تہہ دل سے خیر مقدم کرتے ہیں۔
برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف اس مخصوص خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے بڑی راحت کا باعث بنے گا کیونکہ اس تنازع کے عالمی معیشت اور سلامتی پر گہرے اثرات مرتب ہو رہے تھے۔
ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے بھی اپنے پیغام میں اس پیش رفت کو سراہا اور اسے مسلم امہ اور عالمی امن کے لیے ایک نیک شگون قرار دیا۔
ایک انتہائی اہم اور غیر معمولی بیان میں سابق اطالوی وزیراعظم نے پاکستان کی ان سفارتی کامیابیوں کو عالمی سطح پر سب سے بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح پاکستان نے ایک بڑے عالمی تصادم کو روکا ہے، اس بنیاد پر پاکستان نوبل امن انعام کا مستحق ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے بھی ایک سرکاری اعلامیہ جاری کیا ہے، جس میں ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کا بھرپور خیر مقدم کیا گیا ہے۔
سعودی حکام نے کشیدگی میں کمی اور قیام امن کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اس سے خطے میں دیرپا امن کو فروغ ملے گا اور ترقی کے نئے راستے کھلیں گے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











