جمعہ، 10-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/22هـ (10-04-2026م)

ایران امریکہ جنگ بندی، پی ٹی آئی کا خیرمقدم، پاکستان کے کردار کی تعریف

08 اپریل, 2026 15:18

پاکستان تحریک انصاف نے ایران اور امریکہ کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے اور اس عمل میں پاکستان سمیت تمام فریقین کے کردار کو سراہا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والی دو ہفتوں کی حالیہ جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مشرق وسطیٰ اور عالمی امن کے لیے ایک انتہائی مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔

تحریک انصاف کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جماعت اس سیز فائر پر مکمل عملدرآمد کی امید رکھتی ہے کیونکہ تاریخ نے ہمیشہ یہ ثابت کیا ہے کہ جنگیں کبھی مسائل کا حل نہیں ہوتیں بلکہ صرف تباہی، بربادی اور بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا باعث بنتی ہیں۔

تحریک انصاف نے اپنے مؤقف پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پائیدار امن کے حصول کے لیے صرف مذاکرات اور ڈائیلاگ ہی واحد راستہ ہیں اور موجودہ حالات میں سفارت کاری کا استعمال ناگزیر ہو چکا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران امریکہ جنگ بندی پر عالمی برادری کا ردعمل اور پاکستان کی ثالثی کا اعتراف

اعلامیے میں اس تاریخی جنگ بندی میں کردار ادا کرنے والے تمام عالمی فریقین اور خصوصاً پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا گیا ہے۔

تحریک انصاف نے مطالبہ کیا ہے کہ خطے میں محض عارضی سکون کے بجائے دیرپا اور مستقل امن کے قیام کے لیے مزید سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔

اسی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ اگرچہ حکومت نے ہمیں پہلے اعتماد میں نہیں لیا تھا اور نہ ہی یہ بتایا تھا کہ وہ کس نوعیت کی ثالثی کر رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود ہم ایران اور امریکہ کے درمیان اس جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ سیز فائر مستقل امن کی بنیاد بنے گا اور اس کے ثمرات سے عالمی منڈی میں استحکام آئے گا، جس کے نتیجے میں حکومت پاکستان عوام کو ریلیف دیتے ہوئے تیل کی قیمتوں میں کمی کرے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔