جمعہ، 10-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/22هـ (10-04-2026م)

امریکہ اور ایران جنگ بندی میں پاکستان کی کامیاب سفارتکاری پر اقوام عالم کا اظہار تشکر

09 اپریل, 2026 12:21

اسلام آباد: امریکہ اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی میں پاکستان کی کامیاب ثالثی اور مؤثر سفارتکاری کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ مختلف ممالک کی اہم شخصیات نے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کوششوں کی تعریف کی ہے۔

چین نے ایران-امریکہ جنگ بندی میں پاکستان کے مؤثر کردار کو بھرپور انداز میں سراہا جبکہ آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے پاکستان کی طرف سے جنگ بندی میں احسن کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ آسٹرین چانسلر کرسچن اسٹوکر نے بھی شدید بحران اور تباہ کن اثرات رکھنے والی جنگ کو روکنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے پاکستان کے بطور ثالث شاندار کردار کی تعریف کی۔ سعودی عرب نے بھی وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے امن و امان قائم رکھنے کے اقدامات کو سراہا۔ جرمن چانسلر فریڈریخ مرز نے پاکستان کی انتھک محنت اور مؤثر ثالثی کے لیے شکرگزاری کا اظہار کیا۔

نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے ساتھ ساتھ پاکستان کے بھرپور کردار کو بھی سراہا۔ یورپین کونسل اور یورپی یونین کمیشن کے صدور نے بھی پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو قابل تعریف قرار دیا۔ یوکے، فرانس، اٹلی، جرمنی، کینیڈا، ڈنمارک، نیدرلینڈز، اسپین اور جاپان نے مشترکہ بیان میں پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

اس کے علاوہ قازقستان، ملائیشیا کے صدور، ناروے اور سویڈن کے وزرائے خارجہ نے بھی پاکستان کی بہترین سفارتکاری کی تعریف کی۔ قطر، عمان، پرتگال، رومانیہ سمیت متعدد ممالک نے بھی پاکستان کی امن کوششوں کو قابل تحسین قرار دیا۔

عالمی تجزیہ کاروں کے مطابق شدید جنگی حالات میں امن کا راستہ نکالنا پاکستان کی بہترین سفارتکاری اور مؤثر ملٹری ڈپلومیسی کا واضح ثبوت ہے۔ جنگ بندی کے بعد پاکستان کے اعتماد اور وقار میں عالمی سطح پر اضافہ ہوا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان نے نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر بھی امن و امان قائم رکھنے میں فعال اور سنجیدہ کردار ادا کیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔