ہفتہ، 11-اپریل،2026
ہفتہ 1447/10/23هـ (11-04-2026م)

پاکستان اور سعودی عرب کا تعلق مزید مضبوط بنانے پر اتفاق، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کا فیصلہ

11 اپریل, 2026 09:22

اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کر لیا گیا، جس میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے پر خاص زور دیا گیا۔

یہ پیش رفت وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی وزیر خزانہ کی وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران سامنے آئی، جہاں دونوں ممالک کے درمیان جاری تعاون کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔


اعلامیے کے مطابق سعودی وزیر خزانہ ایک روزہ دورے پر وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے اور اعلیٰ سطحی ملاقات میں سعودی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا، جن میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان شامل ہیں۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے حالیہ ٹیلیفونک رابطے کا ذکر کرتے ہوئے ولی عہد محمد بن سلمان کے پاکستان سے قریبی تعلق کو سراہا اور دونوں ممالک کے برادرانہ رشتے مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی معاشی اور مالی معاونت کو سراہا گیا، کیونکہ اس تعاون نے پاکستان کے معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو مزید بڑھایا جائے گا تاکہ اقتصادی روابط کو مضبوط بنایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔


ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک تھے، جبکہ سعودی وفد نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی روابط کو مزید وسعت دینے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

اعلامیے میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہر سطح پر تعاون جاری رکھیں گے اور باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔