پیر، 13-اپریل،2026
پیر 1447/10/25هـ (13-04-2026م)

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری

13 اپریل, 2026 15:10

عدالت نے ریاست مخالف گمراہ کن الزامات اور اداروں کی ساکھ متاثر کرنے کے کیس میں عدم حاضری پر وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

سینئر سول جج عباس شاہ نے سہیل آفریدی کے خلاف ریاست مخالف بیانات اور اداروں کی ساکھ کو دانستہ طور پر نقصان پہنچانے کے مقدمے کی سماعت کی۔

مقدمے کی کارروائی کے دوران ملزم کی عدم حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ سہیل آفریدی کو فوری طور پر گرفتار کر کے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پاس شہداء کے جنازوں میں شرکت کیلئے وقت نہیں، اختیار ولی

واضح رہے کہ سہیل آفریدی کے خلاف یہ مقدمہ قومی سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے پیکا ایکٹ کے تحت درج کر رکھا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ریاستی اداروں کے خلاف گمراہ کن مہم چلائی اور ایسی معلومات عام کیں، جن کا مقصد اداروں کی ساکھ کو عالمی اور عوامی سطح پر مجروح کرنا تھا۔

مقدمے کی گزشتہ سماعتوں پر بھی وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے مسلسل عدم حاضری دیکھنے میں آئی تھی، جس پر عدالت نے اب سخت ترین قانونی راستہ اختیار کیا ہے۔

سینئر سول جج عباس شاہ نے کیس کی مزید سماعت سولہ اپریل تک ملتوی کر دی ہے اور حکم دیا ہے کہ اگلی سماعت پر ملزم کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔