کراچی میں غیر قانونی بیٹنگ اور جوا بازی کے اشتہارات کی بھر مار، شہری انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی

کراچی کی شہری انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت اور رشوت ستانی کے باعث شہر کی مصروف شاہراہیں غیر قانونی بیٹنگ اور جوا بازی کے اشتہارات کی آماجگاہ بن چکی ہیں۔
کراچی میں شہری انتظامیہ کے پیسہ بٹورنے کے مبینہ مشن نے شہر کی صورتحال کو انتہائی ابتر بنا دیا ہے۔ شہر کی مصروف شاہراہیں ہوں یا گلی محلے، ہر جگہ ایسی آن لائن بیٹنگ ایپس کے اشتہارات نظر آ رہے ہیں، جن کا پاکستان میں کام کرنا سراسر غیر قانونی ہے۔
ان اشتہارات پر موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے نوجوانوں کو چند منٹوں میں پیسہ لگا کر بڑے منافع کا لالچ دیا جا رہا ہے، جو درحقیقت انہیں مالی اور اخلاقی تباہی کی طرف لے جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : افغانستان سے نیٹ ورک چلانے والا خطرناک دہشت گرد کراچی سے گرفتار
ناظم آباد، گلبرگ اور جناح ٹاؤن جیسے علاقوں میں ان اشتہارات کی بھرمار نے انسانی حقوق کے علمبرداروں اور عام شہریوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ آج کل ہر کوئی صرف پیسے کے پیچھے بھاگ رہا ہے اور صحیح و غلط کی تمیز ختم ہو کر رہ گئی ہے۔
ایک شہری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قانون صرف غریب کے لیے ہے جبکہ بااثر افراد اور انتظامیہ مبینہ رشوت کے عوض ان غیر قانونی کاموں کی سرپرستی کر رہے ہیں۔
ایک اور شہری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت ہی ان چیزوں کو پروموٹ کرے گی تو یہ نوجوان نسل کی بربادی کا سبب بنے گا کیونکہ ہمارے دین میں بھی جوا حرام ہے اور یہ انسان کو سب کچھ ہارنے پر مجبور کر دیتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ہر قسم کا جوا اور بیٹنگ غیر قانونی ہے، مگر اس کے باوجود شہر کے عین وسط میں ہورڈنگز پر ان کی تشہیر انتظامیہ کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی اس معاملے پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ اگر فوری طور پر ان اشتہارات کو نہ ہٹایا گیا اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو خدشہ ہے کہ کراچی کی نوجوان نسل جرائم اور جوئے کی اس دلدل میں مکمل طور پر غرق ہو جائے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










