بدھ، 15-اپریل،2026
بدھ 1447/10/27هـ (15-04-2026م)

تاجروں کے لیے الگ پاسپورٹ جاری کرنے کی تجویز لے کر آرہے ہیں، وفاقی وزیر داخلہ

15 اپریل, 2026 08:53

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ تاجروں کے لیے الگ پاسپورٹ جاری کرنے کی تجویز لے کر آرہے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں تاجروں اور صنعتکاروں سے ملاقات کے دوران کہا کہ حکومت تاجروں کے لیے علیحدہ پاسپورٹ جاری کرنے کی تجویز پر کام کر رہی ہے، پاکستان میں کاروباری ماحول کو بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے ان کے مسائل کو فوری حل کرنا ضروری ہے۔ ہمیں پرانی پالیسیوں اور روایتی سوچ سے نکل کر جدید تقاضوں کے مطابق فیصلے کرنے ہوں گے۔ تاجر برادری کے تحفظات دور کیے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ زیرِ غور تجویز کے مطابق تاجروں کے لیے ایک مخصوص پاسپورٹ متعارف کروایا جائے گا۔ اس پاسپورٹ میں تاجروں کا مکمل کاروباری ریکارڈ شامل ہوگا۔ اس سے بیرون ملک سفارت خانوں کو بھی تاجروں کی اہمیت اور حیثیت کو بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد ملے گی۔ اس اقدام سے کاروباری سفر اور بین الاقوامی روابط میں آسانی پیدا ہونے کی توقع ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت کاروبار دوست پالیسیوں کو فروغ دے رہی ہے۔ اگر ہم کاروباری طبقے کو سہولت نہ دے سکے تو معیشت کو نقصان پہنچے گا۔ وزیراعظم اور وزیر خزانہ تاجر برادری کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ ملک میں سرمایہ کاری بڑھے اور کاروبار کو فروغ ملے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے اور جلد ایسے اقدامات سامنے آئیں گے جن سے کاروباری سرگرمیوں میں بہتری آئے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔