لوڈشیڈنگ کا بحران حکومت کی نااہلی اور عوامی مسائل سے لاٹعلقی کا ثبوت ہے، پی ٹی آئی

پی ٹی آئی نے ملک بھر میں جاری بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کو حکومت کی بدترین نااہلی اور ناقص منصوبہ بندی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں بجلی کے بڑھتے ہوئے بحران اور طویل لوڈشیڈنگ پر وفاقی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے موجودہ حکمرانوں کی بدترین نااہلی اور عوامی مسائل سے مکمل لاٹعلقی کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا ہے۔
تحریک انصاف کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آج ملک کے طول و عرض میں گھنٹوں نہیں بلکہ کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش معمول بن چکی ہے، جس نے شدید گرمی کے موسم میں عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ حکومت کے پاس اس بحران کے حل کے لیے کوئی سنجیدہ حکمت عملی موجود نہیں ہے اور اس ناکامی کی سب سے بڑی وجہ توانائی کے شعبے میں پیشگی منصوبہ بندی کا فقدان ہے۔
ہر سال گرمیوں میں بجلی کی طلب بڑھنا ایک معمول ہے، مگر اس کے باوجود نہ تو پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیا گیا اور نہ ہی ترسیلی نظام کو بہتر بنانے پر توجہ دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کو اسلام آباد میں احتجاج سے روک دیا، سہیل آفریدی پر اظہار عدم اطمینان
تحریک انصاف نے مزید کہا کہ بجلی چوری اور لائن لاسز پر قابو پانے میں ناکامی کے باعث پورا نظام بوجھ تلے دب کر رہ گیا ہے۔
حکومت کی ترجیحات عوامی فلاح کے بجائے محض قرضوں کے حصول اور وقتی سہارے لینے تک محدود ہیں، جس کی وجہ سے توانائی کے بحران کا کوئی مستقل حل نہیں نکالا جا رہا۔
اس صورتحال کا خمیازہ براہِ راست عوام، طلبہ اور مریضوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے، جبکہ صنعتی پہیہ سست ہونے سے کاروبار تباہ ہو رہے ہیں اور مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں۔
پی ٹی آئی نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر ترجیحات درست نہ کی گئیں تو عوامی غصہ ایک بڑے احتجاجی ردعمل کی شکل اختیار کر سکتا ہے اور تاریخ اس دور کو بدترین نااہلی کی مثال کے طور پر یاد رکھے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









