جمعرات، 16-اپریل،2026
جمعرات 1447/10/28هـ (16-04-2026م)

ٹریفک چالان سے پریشان شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری

16 اپریل, 2026 09:36

لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد جرمانوں کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت شہریوں کو ممکنہ ریلیف دینے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

 ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس نے مختلف اسٹیک ہولڈرز، خاص طور پر کمرشل گاڑیوں کے مالکان سے مشاورت کے بعد جرمانوں میں نمایاں کمی کی تجویز تیار کر لی ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب گزشتہ سال جرمانوں میں بڑے اضافے کے خلاف ٹرانسپورٹرز اور شہریوں کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا تھا۔

 حکومت نے اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ جرمانوں کا دوبارہ جائزہ لیا جائے تاکہ عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

نئی تجویز کے مطابق موٹر سائیکل اور رکشہ سے متعلق مختلف خلاف ورزیوں پر جرمانوں میں واضح کمی کی سفارش کی گئی ہے۔ ان کی کم سے کم حد ایک ہزار روپے اور زیادہ سے زیادہ حد دو ہزار روپے تک رکھی جا سکتی ہے تاکہ عام شہریوں پر بوجھ کم ہو۔

اسی طرح چھوٹی گاڑیوں، جن میں 2000 سی سی تک کی کاریں شامل ہیں، انکے لیے جرمانوں کی حد کو زیادہ تبدیل نہیں کیا گیا بلکہ انہیں تین ہزار سے پانچ ہزار روپے کے درمیان برقرار رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ تاہم لگژری گاڑیوں کے لیے جرمانوں میں خاصی کمی کی سفارش کی گئی ہے تاکہ توازن برقرار رکھا جا سکے۔

کمرشل گاڑیوں کے شعبے میں بھی بڑی نرمی تجویز کی گئی ہے۔ پہلے جہاں بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے تھے، اب انہیں کم کر کے دو ہزار سے دس ہزار روپے کے درمیان لانے کی بات کی گئی ہے۔ اس سے ٹرانسپورٹرز کو کافی حد تک ریلیف ملنے کی امید ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سمری حکومت پنجاب کو منظوری کے لیے بھجوا دی گئی ہے۔ اگر منظوری مل جاتی ہے تو اسے کابینہ میں پیش کیا جائے گا اور بعد ازاں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔